نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا پاکستانی اور ایرانی ملاحوں کی واپسی کیلئے سنگاپور سے رابطہ

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا پاکستانی اور  ایرانی ملاحوں کی واپسی کیلئے سنگاپور سے رابطہ

نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے سنگاپور کے قریب امریکی حکام کی تحویل میں موجود جہازوں پر پاکستانی اور ایرانی ملاحوں کی باحفاظت واپسی کے لیے سفارتی سطح پر رابطے جاری ہیں۔

وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں اپنے سنگاپوری ہم منصب ویوین بالا کرشنن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اورسنگاپور سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان ملاحوں کی فلاح و بہبود اور ان کی جلد از جلد وطن واپسی میں ممکنہ سہولت کاری فراہم کرے۔‘

انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اس معاملے پر قریبی رابطے میں ہیں، اگر ضرورت پڑی تو پاکستان ایرانی شہریوں کی پاکستانی سرزمین کے ذریعے ایران محفوظ واپسی میں بھی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے سنگاپور کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفتر خارجہ اور دیگر متعلقہ ادارے امریکی حکام اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور جلد وطن واپسی یقینی بنانے کے لیے قریبی رابطے میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان رابطہ، خطے کی صورتحال اور پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تبادلۂ خیال

دفتر خارجہ کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ، خصوصاً امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کے حوالے سے اسلام آباد کی کوششوں کو سراہا۔

واضح رہے کہ یہ ملاح ان بحری جہازوں پر موجود ہیں جنہیں امریکی حکام نے اپنی تحویل میں لے رکھا ہے ، یہ جہاز اس وقت سنگاپور کی سمندری حدود کے قریب لنگر انداز ہیں۔

خیال رہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے ساحل کے قریب عالمی تجارت کے لیے ایک اہم بحری راستہ ہے، اس سال امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث شدید متاثر رہی ہے۔

editor

Related Articles