خلیج عمان میں مشتبہ ڈرون حملے کے بعد بھارتی پرچم بردار کارگو جہاز سمندر برد ہوگیا، تاہم جہاز میں سوار تمام 14 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
برطانوی میری ٹائم سکیورٹی فرم کے مطابق واقعہ آبنائے ہرمز کے جنوب میں عمان کے ساحل کے قریب پیش آیا جہاں بھارتی جہاز “ایم ایس وی حاجی علی” اچانک حملے کی زد میں آگیا۔
رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد جہاز کو شدید نقصان پہنچا اور وہ کچھ ہی دیر میں سمندر میں ڈوب گیا۔ جہاز پر موجود عملے نے فوری طور پر مدد کے لیے سگنل بھیجا جس پر عمانی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو ریسکیو کرلیا اور محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عملے کو کامیابی سے بچا لیا گیا ہے۔ بھارتی حکام نے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کے عمل کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحری تجارت اور عالمی نیویگیشن کے تحفظ کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
برطانوی میری ٹائم سکیورٹی فرم کے مطابق متاثرہ جہاز حال ہی میں صومالیہ سے روانہ ہوا تھا اور متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ جا رہا تھا۔ جہاز میں مویشی لادے گئے تھے اور وہ تجارتی مقاصد کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔