تائیوان کو چین کا ناقابلِ تنسیخ حصہ سمجھتے ہیں ، پاکستان کا ون چائنا پالیسی پر دو ٹوک موقف

تائیوان کو چین کا ناقابلِ تنسیخ حصہ سمجھتے ہیں ، پاکستان کا ون چائنا پالیسی پر دو ٹوک موقف

پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ ون چائنا پالیسی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور تائیوان کو چین کا ناقابلِ تنسیخ حصہ سمجھتا ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس مؤقف پر قائم ہے کہ دنیا میں صرف ایک ہی چین موجود ہے اور تائیوان اسی کا حصہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر ہونے والی سفارتی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، خصوصاً امریکا اور چین کے درمیان جاری روابط اور معاملات کو بھی دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اصولی مؤقف اور دیرینہ سفارتی روایات کے مطابق تشکیل دی جاتی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان کا بھارت-افغان مشترکہ بیان پر شدید تحفظات کا اظہار، افغان سفیر کی دفتر خارجہ طلبی

ایران اور امریکا کے درمیان جاری امن عمل کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ مذاکراتی عمل اب بھی جاری ہے اور پاکستان اس پیش رفت میں نہ صرف دلچسپی رکھتا ہے بلکہ مثبت نتائج کے لیے پُرامید بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی مبینہ ڈی پورٹیشن سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے سامنے آنے والے اعداد و شمار مبالغہ آمیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلیجی اور برادر ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط، دیرینہ اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، جبکہ دفاعی تعاون بھی طویل المدتی پالیسی اور مشترکہ مفادات کے تحت جاری ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان امریکا و ایران میں ثالثی کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، ترجمان دفترِ خارجہ  

وزیراعظم کے ممکنہ دورۂ روس کے حوالے سے سوال پر ترجمان نے کہا کہ اس بارے میں حتمی اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

editor

Related Articles