پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور انکی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190ملین پاونڈ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں پر سماعت کے دوران فریقین کو حتمی دلائل کے لیے 20 مئی کی آخری مہلت دے دی ہے۔
عدالت نے واضح کیا ہے کہ آئندہ سماعت پر کسی بھی قسم کی تاخیر یا غیر ضروری التواء کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کیس کی اپیلوں پر تحریری حکم جاری کیا جس میں سماعت کے دوران ہونے والی کارروائی کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے مؤکلان سے ہدایات لینے کے لیے مزید مہلت کی درخواست کی تھی تاہم نیب نے اس درخواست کی مخالفت کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ گزشتہ سماعت پر بھی فریقین کو حاضری اور دلائل یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی تھی۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ آج کی سماعت میں دلائل دینے کے بجائے کمزور وجوہات کی بنیاد پر التواء کی درخواست دی گئی جو قابلِ قبول نہیں۔ عدالت نے کیس کی حساسیت اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ واضح کیا کہ یہ آخری اور حتمی موقع دیا جا رہا ہے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ وکیل سلمان صفدر تمام ضروری تیاری مکمل کریں اور 20 مئی کو آئندہ سماعت پر اپیلوں پر مکمل دلائل پیش کریں۔ عدالت نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ فریقین دانستہ طور پر سماعت سے غیر حاضر نہیں ہوں گے اور نہ ہی مزید التواء کی کوشش کریں گے۔