لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوروں کے خلاف بڑی کاروائی کے دوران ایک نئے اور حیران کن طریقے کو بے نقاب کیا ہے جس میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے میٹرز کو چلانے اور ریڈنگ میں ہیرا پھیری کا انکشاف ہوا ہے۔
لیسکو کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایت پر کی گئی جس کے دوران ٹیم نے شاہدرہ کے علاقے میں صنعتی کنکشن پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے نتیجے میں دو ملزمان کو موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے بجلی کے میٹرز کو متاثر کر رہے تھے جس سے بجلی فراہم کرنے والی کمپنی لیسکو کو تقریباً 65 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ اس جدید طریقہ کار کے ذریعے میٹر ریڈنگ میں ردوبدل اور بجلی کے استعمال کو غیر قانونی طور پر کم ظاہر کیا جا رہا تھا۔
لیسکو ٹیم نے کارروائی کے دوران موقع سے اہم سامان بھی برآمد کیا جس میں کیبل، میٹر اور ٹرانسفارمر شامل ہیں جنہیں قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ سامان مبینہ طور پر بجلی چوری کے اس نیٹ ورک میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
اس آپریشن میں ایس ای ناردرن محمد مزمل جیا موسیٰ سرویلنس ٹیم اور ایم اینڈ ٹی ٹیم نے حصہ لیا۔ سی ای او لیسکو نے تمام ٹیموں کو کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔
لیسکو انتظامیہ کے مطابق کمپنی کا مؤقف ہے کہ بجلی چوری کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے اور قومی نقصان کو روکا جا سکے۔