گاڑیوں کی رجسٹریشن : پنجاب ایکسائز کی نئی پالیسی، شہریوں کیلئے بڑی سہولت

گاڑیوں کی رجسٹریشن : پنجاب ایکسائز کی نئی پالیسی، شہریوں کیلئے بڑی سہولت

محکمہ ایکسائز پنجاب نے دوسرے صوبوں میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی پنجاب میں رجسٹریشن کے لیے نئی پالیسی پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد ایسے شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو مستقل طور پر پنجاب منتقل ہو چکے ہیں یا اپنی گاڑیوں کا ریکارڈ پنجاب میں منتقل کروانا چاہتے ہیں، اس نئی پالیسی کے تحت سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور دیگر صوبوں میں رجسٹرڈ گاڑیاں اب باقاعدہ قانونی طریقہ کار کے ذریعے پنجاب میں رجسٹر کروائی جا سکیں گی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بین الصوبائی رجسٹریشن کے لیے متعلقہ صوبے کے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے این او سی اور کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ این او سی کے بغیر کسی بھی گاڑی کی رجسٹریشن مکمل نہیں کی جائے گی۔ اس فیصلے کا مقصد جعلی، چوری شدہ یا مشکوک گاڑیوں کی رجسٹریشن کی روک تھام اور ریکارڈ کو مزید محفوظ بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کا بڑا اقدام: گاڑی مالکان کے لئے ‘ای-رجسٹریشن کارڈ’ متعارف

ایکسائز حکام کے مطابق شہریوں کو مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ پنجاب ایکسائز دفتر میں درخواست جمع کروانا ہوگی، جس کے بعد تمام ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے گاجس کے بعد گاڑی کو پنجاب کا نیا رجسٹریشن نمبر جاری کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس پورے عمل کو شفاف اور آسان بنانے کے لیے مختلف اضلاع کے ایکسائز دفاتر میں خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں پہلی بین الصوبائی گاڑی کی رجسٹریشن کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے جبکہ دیگر شہروں میں بھی درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری ہے۔

شہریوں نے حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے گاڑیوں کی منتقلی اور رجسٹریشن کے پیچیدہ مراحل میں نمایاں کمی آئے گی۔

editor

Related Articles