شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان طالب علم عبدالرحمان خان داوڑ نے کم عمری میں ایک غیر معمولی تعلیمی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے علاقے اور ملک کا نام روشن کر دیا ہے، انہوں نے صرف 16 سال اور 11 ماہ کی عمر میں اے سی سی اے کی تعلیم مکمل کر کے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوجوان عبدالرحمان داوڑ محدود تعلیمی سہولیات اور مشکل حالات کے باوجودنے اپنی محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ذریعے یہ سنگ میل عبور کیا،ان کی کامیابی کو پاکستان میں کم عمر ترین پیشہ ورانہ اکاؤنٹنگ قابلیت حاصل کرنے والوں میں شمار کیا جا رہا ہے، اس سے قبل یہ اعزاز کراچی کی ایک طالبہ ثمیرہ کے پاس تھا جنہوں نے 17 سال 8 ماہ کی عمر میں یہ کامیابی حاصل کی تھی، تاہم عبدالرحمان نے اس ریکارڈ کو مزید بہتر بنا دیا ہے۔
عبدالرحمان داوڑ کا تعلق شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ سے ہے جہاں تعلیمی سہولیات کی شدید کمی پائی جاتی ہے،ان حالات کے باوجود انہوں نے اپنی تعلیم جاری رکھی اور مسلسل محنت کے ذریعے یہ کامیابی حاصل کی، انہوں نے نجی ٹی وی سےگفتگو میں بتایا کہ ان کے خاندان میں بھی تعلیم کا رجحان پایا جاتا ہے اور ان کی بہن بھائی بھی تعلیم یافتہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے نہ صرف کم عمری میں اے سی سی اے مکمل کیا بلکہ اسی عمر میں برطانیہ کی ایک معروف یونیورسٹی سے بیچلرز کی ڈگری بھی حاصل کی، اس کامیابی کے بعد انہیں دنیا کے کم عمر ترین پیشہ ور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس میں بھی شمار کیا جا رہا ہے۔
عبدالرحمان داوڑ کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی کا مقصد صرف ذاتی ترقی نہیں بلکہ ان علاقوں کے نوجوانوں کے لیے امید کا پیغام دینا ہے جہاں وسائل محدود ہیں ، اگر ارادہ مضبوط ہو اور محنت کی جائے تو کسی بھی قسم کے حالات کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی اضلاع خصوصاً شمالی وزیرستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے لیکن انہیں مناسب رہنمائی اور مواقع کی ضرورت ہے۔