آج عمران خان سے ملاقات کے لیے کون کون اڈیالا جیل پہنچے گا؟ نام سامنے آگئے

آج عمران خان  سے ملاقات کے لیے کون کون اڈیالا جیل پہنچے گا؟ نام سامنے آگئے

اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے لیے آج ایک بار پھر اہم سیاسی اور قانونی شخصیات کی آمد متوقع ہے۔ جیل انتظامیہ کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والے وکلا اور اہل خانہ کی فہرست فراہم کر دی گئی ہے جبکہ پارٹی کے اہم رہنماؤں کی آمد کے باعث سیاسی سرگرمیوں میں بھی تیزی آنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے وکلا کی فہرست فوکل پرسن اویس یونس چوہدری ایڈووکیٹ کی جانب سے جیل حکام کے حوالے کر دی گئی ہے۔ فہرست میں فیصل ملک ایڈووکیٹ، تابش فاروق، علی اعجاز بٹر، بابر اعوان، حسنین سنبل اور بلال عمر بودلہ سمیت دیگر قانونی مشیروں کے نام شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی کو پارٹی کی موجودہ سیاسی صورتحال، جاری قانونی مقدمات، خیبر پختونخوا کی سیاسی پیش رفت اور آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔ وکلا کی جانب سے مختلف عدالتی معاملات اور زیر التوا کیسز پر بھی مشاورت متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف پھر متحرک، گلگت بلتستان کے انتخابی میدان میں انٹری

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی کابینہ کے ارکان سمیت اڈیالہ جیل آمد کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت اور پارلیمانی امور سے متعلق اہم معاملات پر بھی بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی جا سکتی ہے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پارٹی کے اندر اختلافات اور تنظیمی امور پر مختلف حلقوں میں بحث جاری ہے۔

خاندانی ملاقاتوں کے سلسلے میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور بشریٰ بی بی کے اہل خانہ کی آمد بھی متوقع ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق تمام ملاقاتیں جیل قوانین اور عدالت کی جانب سے مقرر کردہ طریقہ کار کے مطابق ہوں گی۔

 اڈیالہ جیل میں ہونے والی یہ ملاقاتیں آئندہ دنوں میں پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت عملی، خیبر پختونخوا کی صورتحال اور پارٹی کے اندرونی معاملات پر اثر انداز ہو سکتی ہیں اسی لیے سیاسی حلقوں کی نظریں آج ہونے والی ملاقاتوں پر مرکوز ہیں۔

editor

Related Articles