پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف آج گلگت بلتستان کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ پارٹی رہنماؤں، تنظیمی عہدیداروں اور ممکنہ امیدواروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ سیاسی حلقے اس دورے کو گلگت بلتستان میں متوقع انتخابی سرگرمیوں کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اپنے دورے کے دوران گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال، انتخابی حکمت عملی اور ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت کریں گے۔ وہ پارٹی کارکنوں اور ٹکٹ ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے قومی سیاست میں نسبتاً کم متحرک نظر آنے والے نواز شریف دوبارہ سیاسی سرگرمیوں میں متحرک دکھائی دے رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کا یہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے جس کا مقصد انتخابی میدان میں پارٹی کی پوزیشن کو مضبوط بنانا اور کارکنوں کا حوصلہ بلند کرنا ہے۔
گلگت بلتستان میں انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد سیاسی جماعتوں نے اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، وفاقی و صوبائی وزراء اور دیگر حکومتی عہدیدار سرکاری حیثیت میں انتخابی مہم کا حصہ نہیں بن سکتے تاہم سیاسی جماعتوں کی غیر منتخب قیادت اور پارٹی عہدیداروں کو انتخابی سرگرمیوں میں شرکت کی اجازت ہوتی ہے۔
اسی تناظر میں نواز شریف کا دورہ خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے کیونکہ وہ کسی سرکاری عہدے پر فائز نہیں اور پارٹی سربراہ کی حیثیت سے انتخابی مہم میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو امید ہے کہ نواز شریف کی موجودگی گلگت بلتستان میں پارٹی کے لیے سیاسی فائدے کا باعث بنے گی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق آنے والے دنوں میں دیگر جماعتوں کی اعلیٰ قیادت بھی گلگت بلتستان کا رخ کر سکتی ہے جس سے انتخابی ماحول مزید گرم ہونے کا امکان ہے۔