پاکستانیوں کیلئے یورپ جانے میں کس ملک نے زیادہ ویزے جاری کیے اور زیادہ درخواستیں کہاں مسترد ہوئیں ۔ تفصیلات سامنے آگئیں

پاکستانیوں کیلئے یورپ جانے میں کس ملک نے زیادہ ویزے جاری کیے اور زیادہ درخواستیں کہاں مسترد ہوئیں ۔ تفصیلات سامنے آگئیں

یورپی یونین کی تازہ ویزا رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 2025 کے دوران پاکستانیوں کو شینگن ویزے جاری کرنے کے معاملے میں مختلف یورپی ممالک کے رویے میں واضح فرق دیکھا گیا جہاں بیلجیئم نے آسٹریا کے مقابلے میں زیادہ فراخدلانہ پالیسی اختیار کی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہریوں کی جانب سے آسٹریا کے لیے جمع کرائی گئی 2 ہزار 543  شینگن ویزا درخواستوں میں سے صرف 636 درخواستیں منظور ہوئیں جن میں 82 ملٹی پل انٹری ویزے اور 4 محدود علاقائی حیثیت (LTV) ویزے شامل تھے۔ اس کے برعکس آسٹریا نے 1 ہزار 758 درخواستیں مسترد کیں جس کے بعد وہاں ویزا مسترد ہونے کی شرح 73.3 فیصد رہی۔

ایل ٹی وی ویزا کے تحت مسافروں کو صرف مخصوص ممالک یا محدود شینگن علاقوں میں سفر کی اجازت ہوتی ہے۔

دوسری جانب بیلجیئم کو پاکستانی شہریوں کی جانب سے 4 ہزار 987 ویزا درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 2 ہزار 32 درخواستیں منظور کی گئیں۔ ان منظور شدہ ویزوں میں 517 ملٹی پل انٹری ویزے جبکہ 48 ایل ٹی وی ویزے شامل تھے۔ بیلجیئم نے 2 ہزار 807 درخواستیں مسترد کیں جس کے بعد اس کی ویزا مسترد ہونے کی شرح 57.4 فیصد رہی جو آسٹریا کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عوام ہو جائیں تیار، پیٹرول اور ڈیزل پر بڑا ٹیکس؟ نیا پلان سامنے آگیا

اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ بیلجیئم نے نہ صرف زیادہ تعداد میں ویزے جاری کیے بلکہ منظوری کی شرح کے لحاظ سے بھی نسبتاً نرم رویہ اختیار کیا جبکہ آسٹریا نے محدود منظوریوں اور زیادہ مستردگی کے باعث سخت پالیسی برقرار رکھی۔

یورپی کمیشن کے مطابق 2025 میں شینگن ممالک کو مجموعی طور پر تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ قلیل مدتی ویزا درخواستیں موصول ہوئیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ ظاہر کرتی ہیں تاہم یہ تعداد اب بھی کورونا سے قبل 2019 کی سطح سے کم ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2025 کے دوران ایک کروڑ سے زائد شینگن ویزے جاری کیے گئے جن میں سے 51.2 فیصد ملٹی پل انٹری ویزے تھے۔ عالمی سطح پر ویزا مسترد ہونے کی شرح 14.8 فیصد ریکارڈ کی گئی تاہم بعض ممالک میں اس شرح میں اضافہ جبکہ کچھ میں کمی دیکھی گئی۔

 یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ شینگن ممالک کی ویزا پالیسی ایک جیسی نہیں اور درخواست گزاروں کے لیے منظوری کا انحصار متعلقہ ملک کی داخلی پالیسیوں پر بھی ہوتا ہے۔

editor

Related Articles