چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو ترقیاتی منصوبوں میں رفتار بڑھانا ہوگی اور دیامیر بھاشا ڈیم جیسے اہم منصوبے کو جلد مکمل کیا جانا چاہیے۔
چلاس ، دیامیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوامی طاقت کے ذریعے گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی اپنی حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ غریب دشمن سیاست کرتے ہیں ان کے مقابلے میں پیپلز پارٹی صرف عوامی مفاد کو مقدم رکھتی ہے۔
بلاول بھٹو نے وزیراعظم شہباز شریف سے مخاطب ہوتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگر لاہور میں شہباز اسپیڈ سے ترقیاتی کام کیے جا سکتے ہیں تو اب ملک بھر میں بھی اسی رفتار سے کام دکھانا ہوگا خاص طور پر بھاشا ڈیم جیسے بڑے قومی منصوبے کو جلد مکمل کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو عالمی سطح پر مضبوط مؤقف کے ساتھ بات کر سکے اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پارٹی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے عوامی ریلیف کو فروغ دیا ہے اور آئندہ بجٹ میں اس پروگرام میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ کم آمدنی والے طبقے کو سہارا دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آ کر ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرے گی اور عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے گی۔