سکولوں سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ،یونیفارم ختم کرنے کا اعلان

سکولوں سے متعلق حکومت کا بڑا فیصلہ،یونیفارم ختم کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبے میں تعلیمی ترقی شرح خواندگی میں اضافے اور تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے متعدد اہم اصلاحاتی اقدامات کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائمری سطح پر اسکول یونیفارم کی شرط ختم کی جائے گی جبکہ بچوں اور بچیوں کو بنیادی تعلیم ایک ہی اسکول میں فراہم کرنے کے لیے مربوط نظام متعارف کرایا جائے گا۔ اس حوالے سے پرائمری اسکولوں کو جینڈر فری قرار دینے کی مجوزہ پالیسی آئندہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

شرح خواندگی میں اضافے کے لیے اجلاس میں صوبے کے 900 اسکولوں میں ڈبل شفٹ تدریسی نظام شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی اس کے علاوہ این سی ایچ ڈی اساتذہ کی کئی سال سے منجمد تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ سال تک بلوچستان کے تین ہزار سنگل روم اسکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر مکمل کی جائے گی جبکہ سرکاری اسکولوں میں یکساں ریڈنگ اور رائٹنگ مٹیریل فراہم کیا جائے گا تاکہ تدریسی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے گیس کی قیمت کم کرنے کی خوشخبری سنا دی

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اجلاس میں صوبے کے تمام فعال سرکاری اسکولوں سے ٹاٹ کلچر”کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر اسکول میں ڈیسک فراہم کیے جائیں تاکہ کوئی بچہ زمین یا ٹاٹ پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنائے بغیر ترقی ممکن نہیں اس لیے بلوچستان کے بچوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ مقررہ مدت کے اندر تمام اسکولوں میں ڈیسک کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ خود دور دراز علاقوں کے اسکولوں کے اچانک دورے کریں گے اور تعلیمی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ضرورت پڑنے پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے دور افتادہ علاقوں تک رسائی حاصل کریں گے۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم، صحت اور امن و امان کے شعبوں میں اصلاحات کے لیے جامع ایجنڈے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں میں خود اعتمادی اور عزت نفس کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

editor

Related Articles