طلبا کے لیے اہم خبر آگئی ، جہاں سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔
وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز اسماعیل راہو کی زیر صدارت تمام تعلیمی بورڈز کا اجلاس ہوا جس دوران سندھ میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کےسالانہ امتحانات کا جائزہ لیا گیا۔
دوران اجلاس تمام تعلیمی بورڈز نے وزیر جامعات کو اپنی ڈویژنز میں منعقدہ امتحانات سے متعلق بریفنگ دیں۔
اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ کے تمام ڈویژنز میں میٹرک کے نتائج 10 جولائی تک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کردیے جائیں اور نتائج مقررہ وقت پر جاری کیے جائیں تاکہ طلبہ کو بروقت داخلوں میں سہولت ملے ۔
دوران اجلاس وزیر جامعات کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعلیمی بورڈز نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج 31 اگست تک جاری کر دیں گے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سکھر ڈویژن میں امتحانات کے دوران زیرو پرفارمنس دکھانے والی ٹیموں کی ڈیوٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
سیکریٹری جامعات محمد عباس بلوچ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ کراچی میں امتحانات کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے۔
اجلاس میں کراچی ڈویژن کے تعلیمی بورڈ کے چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 جون کو اختتام پذیر ہوں گے۔