ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ سعودی عرب خطے کا ایک بڑا اور نہایت اہم علاقائی کھلاڑی ہے، اور ایران اور سعودی عرب مل کر مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق خطے کے موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ مسلم ممالک اختلافات کے بجائے تعاون کو فروغ دیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا آیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بہتر روابط نہ صرف خطے کے لیے فائدہ مند ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی مثبت اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقائی تنازعات کا حل فوجی راستوں کے بجائے سفارت کاری اور مذاکرات میں مضمر ہے۔
عباس عراقچی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کو اس وقت جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں سیاسی کشیدگی، اقتصادی دباؤ اور سلامتی کے مسائل شامل ہیں جن کا حل مشترکہ کوششوں کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران اور سعودی عرب اگر باہمی اعتماد کو فروغ دیں تو خطے میں دیرپا امن کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کی معاشی اور جغرافیائی حیثیت انہیں یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ توانائی، تجارت اور سیکیورٹی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں۔خطے کی ترقی کا انحصار اس بات پر ہے کہ علاقائی طاقتیں کس حد تک مل کر کام کرتی ہیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران خطے میں کشیدگی کم کرنے اور باہمی روابط بہتر بنانے کے لیے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار رہا ہے، اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں بہتری اسی سمت ایک اہم قدم ہے۔