وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج ملکی حفاظت یقینی بنا رہی ہیں۔ افواج پاکستان نے معرکہ حق میں جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جس طرح دفاعی میدان میں کامیابی حاصل کی گئی، اسی جذبے کے تحت معاشی میدان میں بھی کامیابیاں حاصل کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ فائیو کی ڈوم پلیسمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی بنیاد امن، سلامتی اور استحکام ہے اور مسلح افواج نے ملک میں امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
تقریب میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں اپنی مسلح افواج کا عزم، جرأت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں دیکھی ہیں۔ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے معرکہ حق میں کامیابی حاصل کی، جبکہ معیشت کی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ان کی حمایت بھی قابل تحسین ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خوشحال، پرامن اور مضبوط ملک بنانا ہمارا مشترکہ عزم ہے۔ معرکہ حق کے جذبے کی طرح معاشی ترقی اور خوشحالی کے میدان میں بھی کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے۔
چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ فائیو کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے کا مقررہ وقت سے پہلے ایک اہم سنگ میل عبور کرنا باعث فخر ہے۔ یہ پاکستان کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر ہے اور چین کے تعاون سے اس اہم مرحلے کو کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چشمہ فائیو منصوبہ پاکستان کے عوام کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کی ضمانت ہے۔ توانائی کا تحفظ ملک کے عوام اور قومی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ یہ منصوبہ معاشی مواقع پیدا کرنے اور روشن مستقبل کی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چشمہ فائیو ساتواں جوہری بجلی گھر ہے جس کی تعمیر میں چین نے پاکستان کی معاونت کی ہے۔ پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔
شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ اور حکومت چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان اور چین کی شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے ساتھ ماحول کا تحفظ بھی ضروری ہے اور چشمہ فائیو منصوبہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط، خوشحال اور پرامن ملک بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چشمہ فائیو منصوبہ خوابوں کو امید اور امید کو حقیقت میں تبدیل کرنے کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔