قلات میں دہشت گردوں کے فرار کے راستے بند، سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک

قلات میں دہشت گردوں کے فرار کے راستے بند، سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی کردیا۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع قلات میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ خفیہ اطلاعات ملنے پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی اور ان کے فرار کے راستے بند کردیے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

فراہم کردہ معلومات کے مطابق سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بی ایل اے کی بزدلانہ کارروائی ناکام ،خاران میں سیکیورٹی فورسز نے پانچ ڈورنز مار گرائے، پوسٹ محفوظ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

دوسری جانب پاک فوج اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی کے دوران پشاور کے علاقے متنی میں مسلح مقابلے کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے راکٹ لانچر، دھماکا خیز آلات، جدید اسلحہ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے تھانہ متنی کی حدود میں واقع ازاخیل روڈ پر اخون بابا قبرستان کے علاقے میں پاک فوج اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ طور پر گھات لگائی، جس کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ مسلح مقابلہ ہوا۔ مقابلے کے نتیجے میں پانچوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ کارروائی میں شریک تمام اہلکار محفوظ رہے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت ریاض عرف خذیفہ ولد ناصر، ساکن مریم زئی، ذاکر عرف عدنان ولد ناصر، ساکن مریم زئی، اویس ولد شہزاد، ساکن متنی، منیب عرف لیونے ولد منیر، ساکن سری خوڑہ اور ابن امین عرف محمدی ولد گلستان، ساکن مریم زئی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

مشترکہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے ایک آر پی جی سیون راکٹ لانچر، ایک آر پی جی سیون راکٹ، دو دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دو سب مشین گنز، دو پستول اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

کارروائی میں پاک فوج اور سی ٹی ڈی کے تمام اہلکار محفوظ رہے جبکہ علاقے میں مزید نگرانی اور مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔

Related Articles