خونی حملوں کا بڑا پلان فیل ،کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا نیو بس ٹرمینل کے خالی مکان میں چھپایا گیا دھماکا خیز مواد اور 3 ہولناک دستی بم برآمد

خونی حملوں کا بڑا پلان فیل ،کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا نیو بس ٹرمینل کے خالی مکان میں چھپایا گیا دھماکا خیز مواد اور 3 ہولناک دستی بم  برآمد

آزاد کشمیر میں تخریب کاری اور معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیل کر ریاست کا امن تباہ کرنے والے ملک دشمن عناصر کے خلاف سکیورٹی اداروں نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ 7 نومبر 2026ء کو ضلع راولاکوٹ کے نیو بس ٹرمینل کے اطراف میں جاری انٹیلیجنس بیسڈ سرچ اور کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک خالی مکان سے 3 ہولناک دستی ساختہ دستی بم (IEDs) اور بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ خطرناک اسلحہ اور بارود براہِ راست کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسند نیٹ ورک کی جانب سے چھپایا گیا تھا، جس کا مقصد کشمیر میں خونی کھیل کا آغاز کر کے سکیورٹی اداروں اور حساس تنصیبات پر بزدلانہ حملے کرنا اور خطے کی سلامتی کو سنگین نقصان پہنچانا تھا۔

سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع ملتے ہی راولاکوٹ نیو بس ٹرمینل کے قریبی علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے ایک خالی مکان پر چھاپہ مارا، جہاں سے یہ تباہ کن مواد برآمد ہوا۔

کالعدم تنظیم کی جانب سے دہشت گردی اور خون خرابے کے لیے تیار کیے گئے ان 3 دستی بموں کو ناکارہ بنانے کے لیے فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ (BDS) کو طلب کیا گیا تاکہ اسے محفوظ طریقے سے تلف کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی کی بینائی سے متعلق دعوے سامنے آگئے، بیانِ حلفی اور طبی ریکارڈ کے حصول کے لیے درخواست دائر

واقعے کے فوری بعد پورے علاقے کو ریڈ زون قرار دے کر گھر گھر تلاشی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے تاکہ اس کالعدم گروہ کے دیگر مہروں اور نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے رہائشی علاقوں کو بارود کے ڈپو میں تبدیل کرنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ ابھی گزشتہ دنوں بھی آزاد کشمیر کے ایک گھر میں ہونے والے نام نہاد “سلنڈر دھماکے” کا بھیانک سچ سامنے آ چکا ہے۔ درحقیقت وہ کوئی گیس سلنڈر کا حادثہ نہیں تھا بلکہ اسی گھر کے اندر کالعدم تنظیم کی جانب سے غیر قانونی طور پر چھپایا گیا بھاری دھماکا خیز مواد اچانک پھٹ گیا تھا، جس کے نتیجے میں کئی معصوم افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

ماضی کے اس ہولناک حادثے کے بعد سکیورٹی فورسز نے مقامی آبادی کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کیے تھے جس کے نتیجے میں آج راولاکوٹ میں چھپایا گیا یہ دوسرا بڑا گودام پکڑا گیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی حالیہ سرگرمیاں یہ واضح کرتی ہیں کہ یہ شرپسند ٹولہ پرامن احتجاج کا لبادہ اوڑھ کر دراصل ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کی ہولناک مہم چلا رہا ہے۔ سکیورٹی اداروں نے واضح کر دیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور کشمیر کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، اور ان وحشت گردوں کو ان کے عبرت ناک انجام تک پہنچا کر دم لیا جائے گا۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles