کراچی والوں کیلئے بڑی خوشخبری، 4 روزہ ٹرانسپورٹ ہڑتال ختم

کراچی والوں کیلئے بڑی خوشخبری، 4 روزہ ٹرانسپورٹ ہڑتال ختم

 شہر قائد میں چار روز سے جاری ٹرانسپورٹ ہڑتال بالآخر ختم کر دی گئی، جس کے بعد عوام نے سکھ کا سانس لیا اور ٹرانسپورٹ سروسز کی بحالی کا عمل شروع ہو گیا۔

ہڑتال کے خاتمے کا اعلان آل ٹرانسپورٹ اتحاد اور کمشنر کراچی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد کیا گیا۔ٹرانسپورٹ مالکان اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان ہونے والی بات چیت میں مختلف مطالبات پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کے بعد فریقین کے درمیان اتفاق رائے پیدا ہوا اور ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ سامنے آیا۔ ہڑتال کے باعث گزشتہ چار روز کے دوران شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر رہیں۔

صدر کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا تھا کہ ہڑتال کا فیصلہ مجبوری کے تحت کیا گیا تھا کیونکہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے متعدد بار متعلقہ حکام اور صوبائی حکومت سے رابطہ کیا گیا، تاہم مطالبات پر خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی تھی۔ ان کے مطابق ای چالان کے جرمانوں میں کمی ٹرانسپورٹرز کا سب سے اہم مطالبہ ہے، جس پر حکام کی توجہ دلانے کے لیے احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت سے مذاکرات کامیاب، گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو اس بات پر بھی تحفظات ہیں کہ ای چالان کے نظام کے باوجود دستی چالان کا سلسلہ جاری ہے، جس سے ڈرائیوروں اور مالکان کو اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ جدید نظام متعارف کروانے کے بعد پرانے طریقہ کار کو ختم کیا جانا چاہیے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ٹرانسپورٹ اتحاد نے واضح کیا ہے کہ اگر طے شدہ معاملات پر عملدرآمد نہ ہوا تو آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جا سکتا ہے تاہم فی الحال مذاکرات کی کامیابی کے بعد ہڑتال ختم کر دی گئی ہے۔ شہریوں نے بھی ٹرانسپورٹ سروس بحال ہونے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مسائل مستقل بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

editor

Related Articles