کیئر اسٹارمر استعفی دینگے ؟ ٹرمپ کا بڑا دعویٰ، برطانیہ میں سیاسی ہلچل

کیئر اسٹارمر استعفی دینگے ؟ ٹرمپ کا بڑا دعویٰ، برطانیہ میں سیاسی ہلچل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر جلد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے سکتے ہیں جبکہ برطانیہ میں بھی ان کی قیادت کے حوالے سے سیاسی دباؤ اور قیاس آرائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ کیئر اسٹارمر دو اہم شعبوں، امیگریشن اور توانائی کی پالیسیوں میں ناکام رہے ہیں۔ ٹرمپ نے خاص طور پر شمالی سمندر میں موجود تیل و گیس کے ذخائر سے متعلق حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکومت توانائی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر اسٹارمر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ میں حکمران لیبر پارٹی کے اندر قیادت کے حوالے سے چہ مگوئیاں جاری ہیں۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر کو اپنی جماعت کے بعض اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے بڑھتے ہوئے دباؤ کا سامنا ہے اور ان سے مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کے بارے میں وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا مستعفی ہونےکا امکان،برطانوی میڈیا

رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیر کے روز اسٹارمر کی جانب سے اہم سیاسی اعلان متوقع ہو سکتا ہے جس میں قیادت کے مستقبل اور ممکنہ طور پر نئے پارٹی لیڈر کے انتخاب کے طریقہ کار سے متعلق روڈ میپ پیش کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے حکومت یا لیبر پارٹی کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

تاہم موجودہ صورتحال میں کیئر اسٹارمر کے استعفے سے متعلق کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا جبکہ سیاسی حلقے آئندہ چند دنوں کی پیش رفت کو غیر معمولی اہمیت دے رہے ہیں۔ برطانیہ کی سیاست میں ہونے والی ممکنہ تبدیلی نہ صرف ملکی سیاست بلکہ بین الاقوامی تعلقات پر بھی اثرانداز ہو سکتی ہے۔

editor

Related Articles