فٹبال ورلڈکپ 2026 میں الجزائر اور آسٹریا کی ٹیمیں راؤنڈ آف 32 کیلئے کوالیفائی کرگئیں جبکہ ایران عالمی ایونٹ سے باہر ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریا کی ٹیم 72 سال میں پہلی مرتبہ میگا ایونٹ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچی ہے، جہاں اس کا مقابلہ اسپین کے خلاف ہوگا۔
اس کے علاوہ ناک آؤٹ راؤنڈ میں الجزائر کا مقابلہ سوئٹرزلینڈ سے ہوگا، الجزائر اور آسٹریا کا میچ برابر ہونے کی وجہ سے بہتر گول ریٹ اور ڈیفنس ریٹ کی بنیاد پر الجزائز کی ٹیم راؤنڈ آف 32 کے لیے کوالیفائی کر گئی جبکہ ایران کی ٹیم ورلڈکپ سے باہر ہوگئی۔
اس کے ساتھ ارجنٹینا نے اُردن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی، ارجنٹینا کی جانب سے گول گیوانی ، مارٹینز اور میسی نے کیا۔
اُردن کا گول موسیٰ ال تماری نے اسکور کیا، ارجنٹینا نے گروپ کے تینوں میچز جیت کر 9 پوائنٹس حاصل کیے۔
قبل ازیں کانگو نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ازبکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی اور پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اب اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوا اور اگلے ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز کل سے ہوگا۔
دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹبال کے عالمی کپ 2026 کے گروپ اسٹیج مکمل ہو گیا۔ 32 ٹیموں نے اگلے ناک آؤٹ مرحلے کا ٹکٹ کٹوایا جب کہ 16 ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔
ناک آؤٹ مرحلے راؤنڈ آف 16 کا آغاز ہفتہ 4 جولائی سے ہوگا اور اس گروپ کی فاتح 8 ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔