انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کے لیے کیا منگوایا کہ دکاندار کی قسمت بدل گئی

انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کے لیے کیا منگوایا کہ دکاندار کی قسمت بدل گئی

بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کے شوہر اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے لیے کیے گئے چھولے بھٹورے کے ایک آرڈر نے ممبئی کے ایک چھوٹے سے فوڈ آؤٹ لیٹ کی قسمت بدل دی۔

ممبئی کے علاقے چیمبور میں قائم’دہلی سے‘نامی فوڈ آؤٹ لیٹ کبھی مالی مشکلات کا شکار تھا اور بند ہونے کے قریب پہنچ چکا تھا، تاہم ایک مشہور کامیڈین کی سوشل میڈیا پوسٹ اور بعد میں انوشکا شرما کے آرڈر نے اس کاروبار کو نئی زندگی دے دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جسپال سنگھ خالصہ اور مہندر سنگھ خالصہ نامی دو بھائی یہ کاروبار چلا رہے تھے۔ ان کا تقریباً 250 مربع فٹ کا چھوٹا سا آؤٹ لیٹ تھا، جہاں صرف تین میزیں اور نو نشستیں موجود تھیں۔

جنوری 2022 میں کاروبار میں کمی آنا شروع ہوئی اور ستمبر تک دونوں بھائیوں پر تقریباً 18 لاکھ بھارتی روپے کا قرض چڑھ گیا۔ حالات یہاں تک پہنچ گئے کہ انہوں نے دکان بند کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ اسی دوران 13 ستمبر 2022 کو اسٹینڈ اپ کامیڈین ابھیشیک اپمنیو نے اس آؤٹ لیٹ کا دورہ کیا اور وہاں کے چھولے بھٹورے کھانے کے بعد انسٹاگرام پر اس کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں:کرینہ کپور اور میرا راجپوت ایک ساتھ، خاص ملاقات کی تصویر سامنے آگئی

اس پوسٹ کے بعد ریسٹورنٹ کی طرف لوگوں کی توجہ بڑھنا شروع ہوئی۔ تاہم اصل تبدیلی اس وقت آئی جب یہ سفارش انوشکا شرما تک پہنچی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انوشکا ممبئی میں ویرات کوہلی کے لیے دہلی کے انداز کے چھولے بھٹورے تلاش کر رہی تھیں۔ انہوں نے’دہلی سے‘سے ویرات کے لیے دو پلیٹیں منگوائیں۔

ابتدا میں دکانداروں کو یقین ہی نہیں آیا کہ آرڈر واقعی ویرات کوہلی کے گھر سے آیا ہے۔ انہیں کئی مرتبہ فون کرکے آرڈر کی تصدیق اور ادائیگی کے لیے بینک کی تفصیلات طلب کی گئیں۔

جسپال سنگھ نے بتایا کہ انہیں خدشہ تھا کہ شاید کوئی مذاق یا فراڈ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، کیونکہ ایک چھوٹی سی دکان کے لیے ویرات کوہلی کے گھر سے آرڈر آنا ان کے لیے حیران کن تھا۔

یہ بھی پڑھیں:کرینہ کپور اور میرا راجپوت ایک ساتھ، خاص ملاقات کی تصویر سامنے آگئی

بعد ازاں انہیں یقین ہوگیا کہ آرڈر واقعی ویرات کوہلی کے گھر سے آیا ہے۔ انوشکا شرما نے اس کے بعد انسٹاگرام پر ’’دہلی سے‘‘ کے چھولے بھٹورے کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ممبئی میں بالآخر دہلی جیسے چھولے بھٹورے مل گئے ہیں۔ انہوں نے اس ریسٹورنٹ کی تجویز دینے پر ابھیشیک اپمنیو کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انوشکا کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد ریسٹورنٹ پر گاہکوں کا رش لگ گیا۔ دکانداروں کے مطابق صرف آدھے گھنٹے میں بڑی تعداد میں لوگ وہاں پہنچ گئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق انوشکا کی پوسٹ کے صرف تین دن بعد ریسٹورنٹ میں روزانہ تیار کیے جانے والے چنوں کی مقدار تقریباً 8 کلوگرام سے بڑھ کر 100 کلوگرام تک پہنچ گئی۔ آج ’دہلی سے‘کے کئی آؤٹ لیٹس ہیں اور کاروبار میں نمایاں اضافہ ہوچکا ہے۔ ریسٹورنٹ روزانہ ہزاروں پلیٹیں فروخت کرنے کا دعویٰ کرتا ہے۔

یوں ایک چھوٹے سے ریسٹورنٹ کا وہ کاروبار جو کبھی قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا، ایک کامیڈین کی سفارش، انوشکا شرما کے ایک آرڈر اور سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد نمایاں طور پر تبدیل ہوگیا۔

editor

Related Articles