بل گیٹس اے آئی سے یہ سوال کبھی نہیں کرتے، وجہ بھی بتا دی

بل گیٹس اے آئی سے یہ سوال کبھی نہیں کرتے، وجہ بھی بتا دی

مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس ٹیکنالوجی کی دنیا کی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے ہیں اور مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کے استعمال اور اس سے جڑے ممکنہ خطرات پر بھی اکثر بات کرتے ہیں۔

تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ بل گیٹس خود اے آئی کو کس مقصد کے لیے استعمال کرتے ہیں؟ ایک انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ اے آئی کو کن معاملات میں استعمال نہیں کرنا چاہیے تو بل گیٹس نے واضح کیا کہ وہ اسے اپنی ذاتی اور سماجی زندگی کا حصہ نہیں بناتے۔

بل گیٹس نے کہا کہ وہ اے آئی کو ذاتی تعلقات کے لیے استعمال نہیں کرتے اور نہ ہی اس سے جذباتی یا سماجی تسلی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ اے آئی چیٹ بوٹ سے یہ سوال نہیں کریں گے کہ ’کیا تم مجھے پسند کرتے ہو‘؟یا کیا میں ایک اچھا انسان ہوں؟

بل گیٹس نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کے خاندان اور دوست موجود ہیں، اس لیے انہیں اے آئی کے ساتھ اس طرح کے تعلق کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اے آئی کو بنیادی طور پر کام سے متعلق امور کے لیے استعمال کرتے ہیں، جبکہ ذاتی تعلقات اور سماجی زندگی میں انسانی رابطے کو ترجیح دیتے ہیں۔

اے آئی کے خطرات پر بھی خبردار

بل گیٹس اس سے قبل مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات کے حوالے سے بھی خبردار کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اے آئی غلط ہاتھوں میں چلی گئی تو یہ دنیا بھر میں بڑی تعداد میں لوگوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ کچھ افراد اے آئی کو ایسے ہتھیار تیار کرنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں جن کی مثال پہلے موجود نہ ہو۔ بل گیٹس نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ اے آئی ٹیکنالوجی کی نگرانی کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور اس کے استعمال سے متعلق مناسب قوانین تشکیل دیں۔

 

editor

Related Articles