امریکا کی ریاست فلوریڈا میں خود کو پولیس افسر ظاہر کرنے والے ایک شخص کی چال اسی وقت الٹی پڑ گئی جب اس نے غلطی سے ایک حقیقی پولیس اہلکار کی گاڑی روکنے کی کوشش کر ڈالی، جس کے بعد اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 46 سالہ نادی جباری نے اپنی گاڑی پر سرخ اور نیلی ایمرجنسی لائٹس نصب کر رکھی تھیں اور خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ دیا۔
یہ بھی پڑھیں :سمندر کی طاقتور ترین مخلوق؟ مینٹس شرمپ کی منفرد صلاحیتیں سامنے آگئیں
تاہم، جس گاڑی کو اس نے روکنے کی کوشش کی، وہ ایک خفیہ ڈیوٹی پر تعینات شیرف ڈپٹی چلا رہا تھا۔ اہلکار نے صورتحال بھانپتے ہوئے فوری طور پر دیگر پولیس ٹیموں کو طلب کر لیا، جس کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
حکام کے مطابق نادی جباری کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے کا جعلی اہلکار بننے، غیر قانونی طور پر پولیس اختیارات استعمال کرنے اور اسلحہ رکھنے سمیت متعدد الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ہیرے سے بھی زیادہ نایاب چیز کون سی ہے؟کائنات کا دلچسپ راز
پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ملزم پولیس افسر کا روپ دھار کر کس مقصد کے لیے یہ کارروائیاں کر رہا تھا۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔یہ واقعہ 24 جون کو امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے تھونوتوساسا میں پیش آیا، جو شہر سے تقریباً 15 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔