شدید گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ منگل کی شام سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جبکہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں پنجاب اور دیگر وسطی و مشرقی علاقوں کو متاثر کرتی رہیں گی یکم جولائی سے مون سون کی سرگرمی میں مزید شدت آنے کا امکان ہے جبکہ آج رات سے بعض مقامات پر بارشوں کی پشگوئی کی گئی ہے
پیشگوئی کے مطابق بارشوں کا نیا سپیل 6 جولائی تک جاری رہے گا اس دوران آزاد کشمیر کے اضلاع نیلم مظفرآباد راولاکوٹ باغ پونچھ حویلی سدھنوتی کوٹلی بھمبر اور میرپور میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
پنجاب میں راولپنڈی اٹک چکوال جہلم مری گلیات لاہور گوجرانوالہ سیالکوٹ نارووال فیصل آباد اور دیگر بالائی و وسطی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، کرم، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت متعدد اضلاع میں بھی بارش اور آندھی چلنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی لینڈ سلائیڈنگ اور تیز ہواؤں سے کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بارشوں کے اس نئے سلسلے سے شدید گرمی اور حبس کی لہر میں نمایاں کمی آئے گی اور بیشتر علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔