پٹھوں کے درد اور تھکن دور کرنے کے لیے استعمال ہونے والی مشہور مساج گن کا غلط استعمال ایک 20 سالہ برطانوی نوجوان کے لیے خطرناک ثابت ہوا، جس کے نتیجے میں اس کی دونوں آنکھوں کے اندرونی پردے بری طرح متاثر ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان اپنی آنکھوں کی تھکن کم کرنے کے لیے گزشتہ تین ماہ سے ہر ہفتے باقاعدگی کے ساتھ مساج گن کو براہِ راست اپنی پلکوں اور آنکھوں پر استعمال کر رہا تھا۔چند روز قبل اسے اچانک دائیں آنکھ کے سامنے اندھیرا چھانے، چمکتی ہوئی روشنیاں دکھائی دینے اور دھندلے دھبے نظر آنے لگے، جس پر وہ فوری طور پر اسپتال پہنچا۔
ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بتایا کہ مساج گن کی شدید تھرتھراہٹ اور دباؤ کے باعث آنکھوں کے ڈیلوں پر خطرناک اثرات مرتب ہوئے، جس کے نتیجے میں دونوں آنکھوں کے اندرونی پردے مختلف مقامات سے پھٹ گئے۔ماہرین کے مطابق طبی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا دستاویزی کیس ہے، جس میں مساج گن کے استعمال سے ایک ہی وقت میں دونوں آنکھوں کے پردے متاثر ہوئے ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بروقت علاج اور سرجری کے باعث نوجوان کی بینائی کو مزید نقصان پہنچنے سے بچا لیا گیا، اور چھ ماہ بعد اس کی آنکھوں کی حالت اب مستحکم ہے۔ماہرین صحت نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ مساج گن صرف جسم کے پٹھوں کے لیے تیار کی گئی ہے، اسے چہرے، گردن یا خاص طور پر آنکھوں جیسے حساس اعضا پر استعمال کرنا شدید اور ناقابلِ تلافی نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔