بھوجپوری فلموں کی معروف اداکارہ اکشرا سنگھ نے بالی ووڈ سپر اسٹار اکشے کمار کی پیشہ ورانہ لگن کو سراہتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فلم ‘ویلکم ٹو دی جنگل’ کے ایک گانے کی شوٹنگ 103 سے 104 ڈگری بخار میں مکمل کی۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اکشرا سنگھ نے بتایا کہ انہیں فلم کے گانے ’گھیس گھیس‘ میں اکشے کمار کے ساتھ پرفارم کرنے کا موقع ملا، جو ان کے لیے کسی خواب کی تعبیر سے کم نہیں تھا۔
اداکارہ کے مطابق جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ اس گانے میں اکشے کمار کے مدِمقابل نظر آئیں گی تو وہ بے حد خوش تھیں، تاہم شوٹنگ کے دوران انہیں معلوم ہوا کہ اداکار شدید بخار میں مبتلا ہیں۔
اکشرا سنگھ نے کہا کہ اکشے کمار کو 103 سے 104 ڈگری تک بخار تھا، لیکن اس کے باوجود انہوں نے نہ صرف شوٹنگ جاری رکھی بلکہ پوری توانائی اور بھرپور پیشہ ورانہ انداز کے ساتھ اپنے تمام مناظر مکمل کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس تجربے نے انہیں یہ احساس دلایا کہ اکشے کمار اپنے کام اور فن سے بے حد محبت کرتے ہیں اور ہر ذمہ داری کو انتہائی سنجیدگی اور لگن کے ساتھ نبھاتے ہیں۔
واضح رہے کہ ‘ویلکم ٹو دی جنگل’ رواں ماہ 26 تاریخ کو سینما گھروں کی زینت بن چکی ہے۔ فلم میں دیشا پٹانی، جیکولین فرنینڈس، روینہ ٹنڈن، لارا دتہ، فریدہ جلال، سنیل شیٹی، ارشد وارثی، جیکی شروف، پاریش راول، جانی لیور، شریاس تلپڑے، تشار کپور اور راجپال یادیو سمیت متعدد نامور اداکار شامل ہیں۔