چین میں 75 سالہ ایک شخص نے اپنے معذور نواسے کے مہنگے علاج کے اخراجات پورے کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر بیوٹی انفلوئنسر بن کر سب کو حیران کر دیا۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی چین کے صوبے جیانگسو سے تعلق رکھنے والے ژو یونچانگ کے نواسے جِنگ ین کو ریڑھ کی ہڈی کے پٹھوں کی ایک نایاب بیماری لاحق ہے، جس کے باعث وہ چلنے پھرنے سے محروم ہے اور اسے مہنگے طبی علاج کی ضرورت ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ژو یونچانگ دن بھر اپنے نواسے کی دیکھ بھال کرتے ہیں، جبکہ رات کے وقت سوشل میڈیا پر بیوٹی پروڈکٹس کی لائیو اسٹریمنگ کرتے ہیں۔ اس کام میں ان کی اہلیہ بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتی ہیں۔
ان کا مقصد نواسے کے علاج کے لیے درکار مہنگے انجیکشنز کی رقم جمع کرنا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان انجیکشنز پر سالانہ تقریباً 14 لاکھ یوآن (تقریباً 2 لاکھ 6 ہزار امریکی ڈالر) خرچ آتا ہے، جبکہ مریض کو سال میں دو مرتبہ یہ انجیکشن لگائے جاتے ہیں۔
ژو یونچانگ نے بتایا کہ وہ اپنے نواسے کے علاج کے لیے اپنا فلیٹ بھی فروخت کر چکے ہیں اور اخراجات پورے کرنے کے لیے رشتہ داروں سے قرض بھی لیا ہے، مگر علاج کی لاگت اب بھی ان کی استطاعت سے کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی ژو وی ان ان کی اکلوتی اولاد ہے۔ جب اسے اپنے بیٹے کی بیماری کا علم ہوا تو وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی۔ اپنی بیٹی کی تکلیف دیکھ کر انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے آمدنی حاصل کر کے اپنے نواسے کے علاج کے لیے رقم جمع کریں گے۔
75 سالہ ژو یونچانگ کی یہ جدوجہد سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہی ہے، جہاں لوگ ان کے عزم، قربانی اور اپنے خاندان کے لیے محبت کو سراہ رہے ہیں۔