ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین آل راؤنڈرز میں شمار ہونے والے سر گیری سوبرز 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں سر گیری سوبرز کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمعے کو اپنی 90ویں سالگرہ سے محض 11 روز قبل بارباڈوس میں واقع اپنے گھر میں چلے بسے ۔
بورڈ نے جذباتی بیان میں کہا کہ “ایک عظیم اننگز اپنے اختتام کو پہنچی، ہمارے دلوں میں اب اور ہمیشہ کے لیے سر گیری سوبرز۔”
ابتدائی زندگی اور شاندار کرکٹ سفر
سر گیری سوبرز 28 جولائی 1936 کو بارباڈوس کے علاقے سینٹ مائیکل میں پیدا ہوئے۔ وہ چھ بہن بھائیوں میں پانچویں نمبر پر تھے۔ ان کے والد کینیڈا کی مرچنٹ نیوی میں ملاح تھے جو دوسری جنگ عظیم کے دوران ایک جرمن حملے میں جہاز ڈوبنے کے باعث دنیا سے چل بسے تھے ۔
سوبرز نے صرف 16 سال کی عمر میں بارباڈوس کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا جبکہ 17 برس کی عمر میں 1954 میں انگلینڈ کے خلاف کنگسٹن اوول میں ویسٹ انڈیز کی طرف سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا۔
پاکستان کے خلاف تاریخی 365 رنز کی اننگز
سر گیری سوبرز نے 26 فروری 1958 کو پاکستان کے خلاف اپنے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری اس وقت بنائی جب انہوں نے ناقابلِ شکست 365 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر و سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس انتقال کرگئے
ان کی یہ اننگز ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اننگز کے سب سے بڑے انفرادی اسکور کا عالمی ریکارڈ بن گئی، جو 36 سال تک قائم رہا۔ بعد ازاں 1994 میں ویسٹ انڈیز ہی کے برائن لارا نے انگلینڈ کے خلاف 375 رنز بنا کر یہ ریکارڈ توڑا۔
ریکارڈز سے بھرپور کیریئر
سر گیری سوبرز دنیا کے پہلے بلے باز تھے جنہوں نے ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مسلسل 39 ٹیسٹ میچز میں کپتانی کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
انہوں نے پاکستان کے خلاف جارج ٹاؤن ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے کا منفرد اعزاز بھی حاصل کیا جو ان کے شاندار کیریئر کی نمایاں کامیابیوں میں شامل ہے۔
93 ٹیسٹ میچز، 8 ہزار سے زائد رنز اور 235 وکٹیں
سر گیری سوبرز نے 1954 سے 1974 تک ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی اور 93 ٹیسٹ میچز کھیلے۔
انہوں نے 160 ٹیسٹ اننگز میں 26 سنچریوں اور 30 نصف سنچریوں کی مدد سے 8 ہزار 32 رنز بنائے جبکہ بولنگ میں 235 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین انفرادی بولنگ 73 رنز کے عوض 6 وکٹیں رہی جبکہ میچ میں بہترین کارکردگی 80 رنز کے عوض 8 وکٹیں تھی۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر ارشد پرویز انتقال کر گئے

