ملک بھر میں موبائل سروس کے معیار اور کوریج کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل آپریٹرز کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
پی ٹی اے نے غیر معیاری سروس، کمزور کوریج اور صارفین کو درپیش مسائل پر موبائل کمپنیوں کو 30 دن کی مہلت دے دی ہے تاکہ وہ خامیاں دور کرکے سروس کے معیار کو بہتر بنائیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے موبائل آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سروس میں موجود خرابیوں کی وجوہات کا تعین کریں اور ان کے خاتمے کے لیے اصلاحی پلان جمع کرائیں،اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں خامیاں دور نہ کرنے والے آپریٹرز کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ چار برس کے دوران موبائل کمپنیوں کے خلاف کوالٹی آف سروس اور کوریج سے متعلق خلاف ورزیوں پر سخت اقدامات کیے گئے، جن میں 3 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے بھی شامل ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق اس عرصے میں موبائل کمپنیوں کو سروس معیار اور کوریج کی خلاف ورزیوں پر 20 وارننگ لیٹرز جبکہ 86 شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد موبائل صارفین کو بہتر، معیاری اور قابل اعتماد سروس فراہم کرنا ہے تاکہ کال، انٹرنیٹ اور نیٹ ورک سے متعلق شکایات میں کمی لائی جا سکے۔