امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی ریلی کے دوران ایک حامی کی دلچسپ حرکت سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی، جس کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں ہونے والی ریلی کے دوران ٹرمپ کے بالکل پیچھے بیٹھا ایک شخص، جو سیاہ سوٹ اور سرخ ٹائی پہنے ہوئے تھا، خطاب کے دوران صدر کے ہاتھوں کے اشاروں، اندازِ گفتگو اور چہرے کے تاثرات کی نقل کرتا رہا۔
وائٹ ہاؤس کی براہ راست نشریات میں یہ منظر کئی لمحوں تک دکھائی دیتا رہا، جس کے بعد مذکورہ شخص نے اپنے اطراف میں بیٹھے دیگر شرکا سے گفتگو شروع کر دی۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے، جبکہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے واقعے پر فوری طور پر کوئی ردعمل جاری نہیں کیا گیا۔تقریباً 74 منٹ طویل خطاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی کو ’’مختصر جھڑپ‘‘ قرار دیا اور اپنے سیاسی مخالفین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا میں موجود بعض ’’کمیونسٹ عناصر‘‘ ماؤنٹ رشمور کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ریلی کی فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا کہ خطاب کے دوران بعض شرکا آپس میں گفتگو، موبائل فون کے استعمال اور دیگر سرگرمیوں میں مصروف رہے۔
یہ ریلی ایسے روز منعقد ہوئی جب صدر ٹرمپ نے ڈوور ایئر فورس بیس پر ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران ہلاک ہونے والے 4 امریکی فوجیوں کی یاد میں منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔