پیٹرولیم قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پرچھوٹی تبدیلی زیادہ بہتر ہے ، مشیر وزیر خزانہ

پیٹرولیم قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پرچھوٹی تبدیلی زیادہ بہتر ہے ، مشیر وزیر خزانہ

مشیروزیر خزانہ خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ واریا15دن بعد تبدیلی سے زیادہ بوجھ پڑتاہے،روزانہ کی بنیاد پر چھوٹی تبدیلی زیادہ بہتر ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہوگا تو ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی ہوگی ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے معاملے پر مشاورت جاری ہے ۔

خرم شہزاد کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مستحکم ہوتی ہیں تویہ فارمولا زیادہ مفید ہوگا۔

روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے فیصلے کے بعد ایک ہفتے کے دوران اب تک پیٹرول 20 روپے 81 پیسے اور ڈیزل 55 روپے 36 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 18 جولائی سے پیٹرول 5 روپے 44 پیسے اور ڈیزل 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔اس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین 21 جولائی کو ہوا جس میں پیٹرول 35 پیسے سستا جبکہ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا۔

یہ بھی پڑھیں :ملک بھر کے پیٹرول پمپس سے متعلق اوگرا کا بڑا فیصلہ آگیا

22 جولائی کیلئے پیٹرول 4 روپے 93 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 15 پیسے مہنگا کیا گیا جبکہ 23 جولائی کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔

واضح رہے 17 جولائی کو کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ اوگرا یومیہ بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کا فیصلہ کرے گی، اوگرا یومیہ بنیاد پر عالمی منڈی کو مدنظر رکھ کر قیمتوں کا تعین کرے گی۔

دوسری جانب ملک بھر کے پیٹرول پمپس کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کافیصلہ کرلیا گیا ، فلنگ اسٹیشنز پر تیل کی آمد، فروخت اور دستیاب اسٹاک کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے اوگرا کا تجویز کردہ سمارٹ فون استعمال کرنا لازم قرار دے دیا گیا۔

اوگرا کے تجویز کردہ موبائل فونز میں خصوصی موبائل ایپ دستیاب کی گئی ہے، فلنگ اسٹیشنزکو اوگرا کا تجویز کردہ مخصوص کمپنی کااسمارٹ فون استعمال کرنے کا پابند کردیاگیا ہے۔

editor

Related Articles