ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے، جس کے باعث پاکستانی روپے کے مقابلے میں بھی ایرانی ریال کی قیمت مزید نیچے آ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حالیہ صورتحال میں پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایک کروڑ ایرانی ریال کی مالیت تقریباً 4 ہزار 500 سے 5 ہزار پاکستانی روپے تک محدود ہو گئی ہے۔
سینٹرل بینک آف ایران کی جانب سے جاری کردہ تازہ سرکاری کرنسی ریٹس کے مطابق 30 جولائی 2026 کو ایک امریکی ڈالر کی قیمت 14 لاکھ 36 ہزار 205 ایرانی ریال مقرر کی گئی، جبکہ اس سے پہلے ڈالر کا سرکاری ریٹ 14 لاکھ 21 ہزار 105 ریال تھا۔ اسی طرح یورو کی سرکاری قیمت بھی بڑھ کر 16 لاکھ 33 ہزار 131 ایرانی ریال تک پہنچ گئی ہے۔
ایرانی مرکزی بینک کے مطابق مجاز منی چینجرز کے لیے استعمال ہونے والے ثناء سسٹم میں امریکی ڈالر 15 لاکھ 17 ہزار 870 ریال جبکہ یورو 17 لاکھ 25 ہزار 994 ریال پر کاروبار کر رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 100 پاکستانی روپے کی قدر 5 لاکھ 17 ہزار 104 ایرانی ریال مقرر کی گئی ہے ، اس حساب سے ایک پاکستانی روپیہ تقریباً 5 ہزار 171 ایرانی ریال کے برابر بنتا ہے، جو دونوں کرنسیوں کی موجودہ صورتحال کو واضح کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایرانی ریال کی مسلسل گراوٹ کے باعث پاکستانی روپے کی نسبتاً مضبوط پوزیشن نظر آ رہی ہے تاہم کرنسی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث آنے والے دنوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان موجود ہے۔
ایران کی اوپن مارکیٹ میں کرنسی کے نرخ سرکاری ریٹس سے مختلف ہیں، وہاں امریکی ڈالر کی خرید و فروخت تقریباً 18 لاکھ 60 ہزار سے 18 لاکھ 90 ہزار ایرانی ریال کے درمیان جاری ہے، جس سے سرکاری اور غیر سرکاری مارکیٹ کے درمیان واضح فرق سامنے آتا ہے۔
پاکستانی اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ایرانی ریال کے نرخوں میں فرق دیکھا جا رہا ہے، کرنسی ڈیلرز کے مطابق ایک کروڑ ایرانی ریال کے نوٹوں کا پیکٹ اس وقت تقریباً 4 ہزار 500 سے 5 ہزار پاکستانی روپے میں دستیاب ہے۔
کرنسی ماہرین نے ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے، ان کے مطابق سرکاری اور اوپن مارکیٹ ریٹس میں نمایاں فرق کے باعث کرنسی کی قیمتوں میں مزید تبدیلیاں آ سکتی ہیں۔