صرف 7300 روپے ماہانہ میں الیکٹرک بائیک، ویلیکٹرا کی نئی اسکیم متعارف

صرف 7300 روپے ماہانہ میں الیکٹرک بائیک، ویلیکٹرا کی نئی اسکیم متعارف

الیکٹرک موٹربائیک خریدنے کے خواہش مند افراد کے لیے خوشخبری ہے ، ویلیکٹرا (Vlektra) نے اپنی Velocity 180 SE الیکٹرک بائیک کے لیے نئی اقساط کی اسکیم کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت صارفین 12، 18 یا 24 ماہ کی آسان اقساط میں بائیک خرید سکتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ زیرو فیصد مارک اپ پر مبنی ہے، تاہم خریداروں کے لیے مجموعی ادائیگی اور نقد قیمت کا موازنہ کرنا بھی ضروری ہے۔

اقساطی پلان کی مکمل تفصیلات

ویلیکٹرا نے صارفین کی سہولت کے لیے تین مختلف اقساطی پلان متعارف کرائے ہیں۔

  12 ماہ کے پلان میں ایک لاکھ 15 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ کے بعد ہر ماہ 25 ہزار 300 روپے قسط ادا کرنا ہوگی، جبکہ مجموعی ادائیگی 4 لاکھ 18 ہزار 600 روپے بنتی ہے۔

18 ماہ کے پلان کے تحت خریدار کو 2 لاکھ روپے ڈاؤن پیمنٹ جمع کرانا ہوگی، اس کے بعد ماہانہ قسط 12 ہزار 200 روپے ہوگی،  اس پلان میں مجموعی ادائیگی 4 لاکھ 19 ہزار 600 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اگر کوئی خریدار 24 ماہ کا پلان منتخب کرتا ہے تو اسے 2 لاکھ 45 ہزار روپے بطور ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنے ہوں گے، جبکہ ماہانہ قسط صرف 7 ہزار 300 روپے ہوگی۔ اس منصوبے کے تحت مجموعی ادائیگی 4 لاکھ 20 ہزار 200 روپے بنتی ہے۔

کمپنی کے مطابق ان تمام منصوبوں میں انشورنس اور رجسٹریشن فیس شامل نہیں، لہٰذا یہ اخراجات خریدار کو الگ سے برداشت کرنا ہوں گے۔

کیا واقعی یہ زیرو فیصد مارک اپ اسکیم ہے؟

اگرچہ ویلیکٹرا اس منصوبے کو زیرو فیصد مارک اپ قرار دے رہی ہے، لیکن اعداد و شمار کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ اقساط پر خریدنے والے صارفین کی مجموعی ادائیگی نقد قیمت سے زیادہ بنتی ہے۔

اس وقت Velocity 180 SE کی رعایتی نقد قیمت تقریباً 3 لاکھ 84 ہزار روپے ہے، جبکہ اقساط کے ذریعے خریداری کرنے والوں کو مجموعی طور پر 4 لاکھ 18 ہزار 600 روپے سے 4 لاکھ 20 ہزار 200 روپے تک ادا کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں :انتہائی کم قیمت اور جدید فیچرز، بی وائے ڈی نے نئی چھوٹی الیکٹرک گاڑی متعارف کرا دی

اس کا مطلب یہ ہے کہ اقساط پر خریداری کرنے والے صارفین نقد خریداروں کے مقابلے میں تقریباً 34 ہزار 600 سے 36 ہزار 200 روپے زیادہ ادا کریں گے،  بظاہر روایتی مارک اپ تو شامل نہیں، تاہم جو رعایتی نقد قیمت دستیاب ہے، اقساط پر خریدنے والے صارفین اس رعایت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

کون سا پلان زیادہ مناسب ہے؟

اگر آپ کم ڈاؤن پیمنٹ کے ساتھ بائیک لینا چاہتے ہیں تو 12 ماہ کا پلان بہتر انتخاب ہو سکتا ہے، لیکن اس میں ماہانہ قسط نسبتاً زیادہ، یعنی 25 ہزار 300 روپے ہے۔

دوسری جانب 24 ماہ کے پلان میں ماہانہ قسط صرف 7 ہزار 300 روپے رہ جاتی ہے، تاہم اس کے لیے 2 لاکھ 45 ہزار روپے کی بڑی ڈاؤن پیمنٹ درکار ہوگی جبکہ 18 ماہ کا پلان ان دونوں کے درمیان متوازن آپشن فراہم کرتا ہے، اگرچہ اس میں بھی 2 لاکھ روپے پیشگی جمع کرانا ہوں گے۔

ماہرین کے مطابق اگر آپ ایک ساتھ پوری رقم ادا نہیں کر سکتے تو یہ اسکیم فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے، لیکن درخواست دینے سے پہلے نقد قیمت اور اقساط کے ذریعے ادا کی جانے والی مجموعی رقم کا ضرور موازنہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں :کم بجٹ والوں کے لیے خوشخبری ، یونائیٹڈ کی 70 سی سی موٹرسائیکل کی نئی قیمت نے صارفین کو چونکا دیا

اس کے علاوہ انشورنس، رجسٹریشن، پراسیسنگ فیس اور دیگر ممکنہ اخراجات کی مکمل معلومات حاصل کرنا بھی ضروری ہے تاکہ بعد میں کسی اضافی مالی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

editor

Related Articles