اسحاق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ۔ بحیرہ احمر اور باب المندب کی صورتحال تبادلہ خیال

اسحاق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ۔ بحیرہ احمر اور باب المندب کی صورتحال تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب اور ملائیشیا کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔ رابطوں کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت بحیرہ احمر۔ باب المندب اور فلسطین میں جاری سنگین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار کی سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور مختلف کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان اور امریکا کی اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

گفتگو کے دوران خطے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے بالخصوص بحیرہ احمر اور باب المندب میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بحری راستوں کی سکیورٹی اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

 دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے فلسطین کی سنگین صورتحال پر بھی گفتگو کی۔ دونوں جانب سے فلسطین کے مسئلے پر عرب اور اسلامی ممالک کا اجلاس بلانے کی تجویز کا خیرمقدم کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے موجودہ علاقائی صورتحال میں باہمی مشاورت اور قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں پیدا ہونے والے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان تعاون اور رابطہ مزید مضبوط ہونا چاہیے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ داتو سری محمد حسن سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

 یہ بھی پڑھیں :پاکستان ورلڈ اے آئی کوآپریشن آرگنائزیشن کا بانی رکن بن گیا، اسحاق ڈار نے معاہدے پر دستخط کر دیے

گفتگو میں فلسطین اور مقبوضہ بیت المقدس کی صورتحال خصوصی طور پر زیر بحث آئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے گفتگو کے دوران ملائیشیا میں آئندہ ریاستی انتخابات کے حوالے سے حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف عالمی و علاقائی فورمز پر تعاون کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں جانب سے کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

editor

Related Articles