سوشل میڈیا پروپیگنڈے کے برعکس مظفرآباد میں صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق رواں دواں

سوشل میڈیا پروپیگنڈے کے برعکس مظفرآباد میں صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق رواں دواں

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے بعض دعوؤں کے برعکس زمینی صورتحال معمول کے مطابق ہے، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں روزمرہ زندگی بلا تعطل جاری ہے اور عوام معمول کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر مختلف اکاؤنٹس کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ مظفرآباد میں حالات کشیدہ ہیں، تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ شہر کی مرکزی شاہراہیں، بازار اور تجارتی مراکز کھلے ہوئے ہیں، ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی بحال ہے۔

ذرائع کے مطابق دو سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان پیش آنے والے ایک معمولی تنازعے کو بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے غیر معمولی انداز میں پیش کرتے ہوئے اسے مجموعی امن و امان کی صورتحال سے جوڑنے کی کوشش کی، حالانکہ یہ ایک محدود نوعیت کا واقعہ تھا جس کا شہر کی مجموعی صورتحال پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا سب سے لاڈلا بچہ کشمیر ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ذرائع کا کہنا ہے کہ میرپور میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بعد بعض عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر گمراہ کن معلومات اور غیر مصدقہ دعوے پھیلائے جا رہے ہیں تاکہ عوام میں بے چینی پیدا کی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق ایسے دعوؤں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے اور ان کا مقصد زمینی حقائق کے برعکس تاثر دینا ہے۔

ذرائع کے مطابق مظفرآباد میں انتخابی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکن انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ عوام بھی معمول کی زندگی گزار رہے ہیں جبکہ کسی بڑے امن و امان کے مسئلے کی اطلاع نہیں ملی۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ معلومات پر فوری یقین کرنے کے بجائے مستند ذرائع سے تصدیق کریں اور افواہوں یا گمراہ کن پروپیگنڈے سے اجتناب کریں تاکہ بے بنیاد اطلاعات کے باعث غیر ضروری تشویش پیدا نہ ہو۔

Related Articles