مظفرآباد میں امن و امان خراب کرنے اور آئندہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد میں خلل ڈالنے کی کوشش کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور شہر میں امن و امان برقرار ہے۔
آزاد کشمیر پولیس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق میرپور ڈویژن میں کامیاب انتخابات کے بعد بعض عناصر نے مظفرآباد میں الیکشن کے عمل کو متاثر کرنے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے حالات کو قابو میں کر لیا۔
دو سے تین مقامات پر ہنگامہ آرائی، دو اہلکار زخمی
پریس ریلیز کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق مظفرآباد میں دو سے تین مختلف مقامات پر تقریباً 200 سے 300 افراد نے ہنگامہ آرائی کی، جس کے دوران دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت، تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روک دیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات اور دستیاب شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ ان سرگرمیوں کا مقصد 2 اگست 2026 کو مظفرآباد ڈویژن میں ہونے والے عام انتخابات کے پرامن انعقاد میں خلل ڈالنا اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بروقت کارروائی کے باعث نہ صرف حالات پر قابو پایا گیا بلکہ جمہوری عمل کے تحفظ، شفاف رائے دہی، سرکاری املاک کے تحفظ اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا گیا۔
پولیس نے واضح کیا کہ امن و امان خراب کرنے کی کوشش میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے اور مستقبل میں بھی ایسے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
عوام سے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل
ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں، ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
پریس ریلیز میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور جمہوری عمل کے پرامن انعقاد کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی، جبکہ امن خراب کرنے اور عوامی مفاد کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔