ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ ، اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری

ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ ، اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ماہ اگست کے لیے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں نمایاں اضافہ کر دیا جس کے بعد فی کلوگرام قیمت 13 روپے بڑھ کر 254 روپے مقرر ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کے اطلاق سے گھریلو اور کمرشل صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت 241 روپے سے بڑھا کر 254 روپے مقرر کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اگست کی رات 12 بجے سے ہوگا۔

گھریلو اور کمرشل سلنڈر بھی مہنگے

قیمتوں میں اضافے کے بعد 11.8 کلوگرام وزنی گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 2 ہزار 849 روپے سے بڑھ کر 3 ہزار ایک روپے ہو گئی ہے، جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت 10 ہزار 961 روپے سے بڑھ کر 11 ہزار 546 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

اوگرا کے مطابق نئے نرخ اگست کے دوران ملک بھر میں نافذ العمل رہیں گے۔

صارفین پر مہنگائی کا مزید بوجھ

ایل پی جی کی قیمت میں اضافے سے بالخصوص ان علاقوں کے صارفین زیادہ متاثر ہوں گے جہاں قدرتی گیس کی فراہمی محدود یا دستیاب نہیں اور گھریلو ضروریات کے لیے ایل پی جی ہی بنیادی ایندھن کے طور پر استعمال کی جاتی ہے۔

حالیہ اضافے کے بعد مہنگائی سے پہلے ہی متاثرہ عوام کو ایک اور اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک بن گیا، یو این ویمن اے آئی اسکول کا تاریخی آغاز

ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے حکومت، وزارتِ پیٹرولیم اور اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ صارفین کو سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ایل پی جی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ اوگرا سے لائسنس یافتہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان گیس کی مساوی تقسیم کو یقینی بنائیں، جس سے بلیک مارکیٹنگ اور ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی ہوگی اور صارفین کو مقررہ نرخوں پر ایل پی جی دستیاب ہو سکے گی۔

ٹیکسوں میں کمی اور پالیسی میں بہتری کا مطالبہ

عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ ملک میں قدرتی گیس کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے، جس کے باعث ایل پی جی متبادل ایندھن کے طور پر اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ملکی ضروریات کا تقریباً 60 فیصد درآمدی ایل پی جی سے پورا کیا جاتا ہے، تاہم ملک میں ایل پی جی کی دستیابی مناسب ہے اور مناسب حکومتی اقدامات سے قیمتوں میں کمی بھی ممکن ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی پر عائد ٹیکسوں میں کمی کی جائے اور ایل پی جی پالیسی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو سستی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

Related Articles