آزاد کشمیر میں صدر اور وزیراعظم آپ کا ہے، پھر دھاندلی کیسے ہوگئی؟ امیر مقام

آزاد کشمیر میں صدر اور وزیراعظم آپ کا ہے، پھر دھاندلی کیسے ہوگئی؟ امیر مقام

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے پیپلز پارٹی کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں صدر اور وزیراعظم آپ کا، پھر دھاندلی کیسے ہوگئی؟

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں امیر مقام نے کہا ہے کہ الزام تراشی کے بجائے عوام سے پوچھتے کہ آپ کو ووٹ کیوں نہیں دیے، عوام کے فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ میرپور ڈویژن میں عوام نے ن لیگ کو کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیا۔

امیر مقام کا کہنا ہے کہ بغیر ثبوت دھاندلی کے الزامات لگائے گئے، بلیم گیم سے کسی کو کچھ حاصل نہیں ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ، 21 نشستوں پر پولنگ جاری، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں سخت مقابلہ

دریں اثنا  پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی دھاندلی کا الزام عائد کر دیا ہے ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نےسوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ الیکشن کمیشن اب تک آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں ہماری شکایات پر کوئی کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے، اگر نوٹس لے لیا جاتا تو آج ہونے والے دوسرے مرحلے کے انتخابات کی ساکھ بحال ہوسکتی تھی۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے پولنگ جاری ہے۔

اس مرحلے میں مجموعی طور پر 21 نشستوں پر 300 سے زیادہ امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

انتخابات کے نظرثانی شدہ شیڈول کے تحت پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن، دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی نشستوں جبکہ تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن میں ووٹنگ رکھی گئی ہے۔ پونچھ ڈویژن کی 11 نشستوں پر پولنگ 10 اگست کو ہوگی۔

editor

Related Articles