نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 26 جون سے یکم اگست تک مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق اس عرصے میں ملک بھر میں بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں 126 افراد جاں بحق جبکہ 404 افراد زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا، جہاں 55 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 26 بچے بھی شامل ہیں،پنجاب میں بارشوں سے 47 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں 19 بچے شامل ہیں، جبکہ صوبے میں 295 افراد زخمی ہوئے، جن میں 68 بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں بارشوں سے متعلق حادثات میں 5 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے شامل ہیں۔ بلوچستان میں 8 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب میں متاثرین کی مدد کے لیے 75 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے، جبکہ شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے 333 ہیٹ ویو کیمپس بھی لگائے گئے جہاں 2 ہزار 203 افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 4 ریسکیو آپریشنز کے ذریعے 9 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ خیبرپختونخوا میں 2 اور سندھ میں 5 افراد کو بھی ریسکیو کیا گیا۔