وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان پیپلزپارٹی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی سیاسی حکمت عملی اور سیاست کا سنجیدگی سے جائزہ لے۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائج کے بعد پیپلزپارٹی کو اپنی کارکردگی پر غور کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نارووال کے حلقہ ایل اے 37 جموں 4 میں پیپلزپارٹی بمشکل 200 سے 250 ووٹ حاصل کر سکی، ایسے میں انتخابی عمل پر دھاندلی کے الزامات لگانا مناسب نہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جس جماعت کی عوامی حمایت محدود ہو، اسے اپنی سیاسی حکمت عملی بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے، نہ کہ ہر شکست کے بعد دھاندلی کا شور مچایا جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک بالغ نظر سیاستدان ہیں، انہیں جمہوری روایات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیابی پر صدر آصف علی زرداری کو مبارکباد دی تھی اور حکومت بنانے کی دعوت دی تھی، اسی طرح سیاسی جماعتوں کو جمہوری اقدار کو فروغ دینا چاہیے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ انتخابات جمہوریت کا بنیادی حصہ ہیں اور سیاسی جماعتوں کو عوامی فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی طے کرنی چاہیے۔