پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات دماوند اور کے ٹو کی بلند ترین چوٹیوں کی طرح مضبوط اور پائیدار ہیں، جبکہ کوئی بیرونی طاقت دونوں برادر ممالک کے درمیان محبت، دوستی اور بھائی چارے کو کمزور نہیں کر سکتی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تاریخی تعلقات نے وقت کی ہر آزمائش کا ثابت قدمی سے مقابلہ کیا ہے، دونوں ممالک کے روابط صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، تہذیب، ایمان اور ثقافت پر قائم ہیں۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران پاکستان کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک تھا جبکہ پاکستان بھی اسلامی جمہوریہ ایران کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بنا، جو دونوں ممالک کے درمیان غیر معمولی تعلقات کی واضح علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران ایران اور پاکستان کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، دونوں ممالک کی پارلیمانیں، حکومتیں اور عوام ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور یکجہتی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :حکومت پاکستان فیلڈ مارشل کی کاوشوں پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں، ایرانی سفیر
ایرانی سفیر نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے پہلے ہی روز پاکستانی پارلیمنٹ نے ایران کی حمایت میں قرارداد منظور کی، جبکہ ایرانی پارلیمنٹ کے ارکان نے صدر ایران کی موجودگی میں پاکستان تشکرکے نعرے لگائے، انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے بھی سڑکوں پر دونوں ممالک کے پرچم لہرا کر دوستی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
رضا امیری مقدم نے مزید کہا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر نے اپنے پہلے نوروز پیغام میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
Iran-Pakistan Ties Stands as High as the Majestic Peaks of Damavand and K2 pic.twitter.com/vHGSP1rkF2
— Reza Amiri Moghadam (@IranAmbPak) August 2, 2026

