معروف میزبان، اداکار اور کامیڈین تابش ہاشمی اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر تنازع کا مرکز بن گئے، جہاں انہوں نے اپنے مقبول شو ‘ہنسنا منع ہے’ کے اختتام کا اعلان کیا تھا۔
تابش ہاشمی کی پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر یہ تاثر پھیلا کہ ان کا شو بند کر دیا گیا ہے۔ یہ تاثر اس وقت مزید مضبوط ہوا جب انہوں نے کشمیری مظاہرین کے حق میں ایک ویڈیو شیئر کی، جس کے بعد متعدد صارفین نے قیاس آرائیاں کیں کہ شاید ان کے مؤقف کی وجہ سے شو آف ایئر کر دیا گیا ہے۔
تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ شو بند نہیں ہو رہا بلکہ اس کا سیٹ تبدیل کیا جا رہا ہے۔ تابش ہاشمی نے بعد ازاں واضح کیا کہ یہ اعلان دراصل نئے سیٹ کی رونمائی سے قبل ایک پروموشنل حکمت عملی کا حصہ تھا۔
اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کچھ صارفین نے اسے کامیاب مارکیٹنگ قرار دیا، جبکہ کئی افراد نے ناظرین کے جذبات سے کھیلنے پر تابش ہاشمی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ ’ہنسنا منع ہے‘ پاکستان کے مقبول ترین مزاحیہ ٹاک شوز میں شمار ہوتا ہے، جبکہ تابش ہاشمی نے حال ہی میں فلم ’آگ لگے بستی میں‘ کے ذریعے فلمی دنیا میں بھی قدم رکھا ہے۔