پنجاب حکومت نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر 4 اگست کو ضلع لاہور میں مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے جبکہ دوسری جانب چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کے باعث راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بھی جزوی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (S&GAD) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مقامی تعطیل کا اطلاق ضلع لاہور کے ضلعی دفاتر ڈپٹی کمشنر کے ماتحت تمام دفاتر اور متعلقہ سرکاری اداروں پر ہوگا۔ تاہم پنجاب سول سیکرٹریٹ خودمختار اداروں کارپوریشنز اتھارٹیز اور ریجنل دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور ان پر اس تعطیل کا اطلاق نہیں ہوگا۔
حکومت پنجاب کے مطابق مقامی تعطیل کا مقصد حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کے سلسلے میں منعقد ہونے والی مذہبی تقریبات زائرین کی سہولت اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانا ہے۔ عرس کے موقع پر ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند داتا دربار کا رخ کرتے ہیں جس کے پیش نظر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
اسی طرح سندھ میں حضرت امام حسین کے چہلم کے سلسلے میں مقامی چھٹی کا بھی اعلان کیا گیا ہے اس حوالے سے باضابطہ نوٹفکیشن جاری کیا گیا ہے ۔آزاد کشمیر کے حلقے ایل اے 27 اور 28 میں الیکشن کے سلسلے میں بھی مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ مقامی افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔
دوسری جانب راولپنڈی میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس کے باعث ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر میٹرو بس سروس کو جزوی طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق صدر اسٹیشن سے فیض آباد تک میٹرو بس سروس کل بند رہے گی جبکہ آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس معمول کے مطابق اپنی سروس جاری رکھے گی۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل ٹریفک پلان اور متبادل سفری انتظامات کو مدنظر رکھیں، کیونکہ جلوس کے راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق چہلم کے موقع پر راولپنڈی میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کے راستوں پر اضافی پولیس نفری ٹریفک وارڈنز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے تاکہ عزاداروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا سکے اور شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔