جاپان کا تاریخی ماتسوموتو قلعہ دنیا کے قدیم اور منفرد قلعوں میں شمار ہوتا ہے۔ 1504ء میں تعمیر کیا جانے والا یہ عظیم الشان قلعہ اپنی منفرد طرزِ تعمیر، مضبوط دفاعی نظام اور تاریخی اہمیت کے باعث آج بھی لاکھوں سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔
اس قلعے کی نمایاں خصوصیت اس کے گرد موجود پانی سے بھری خندق ہے، جو ماضی میں دشمن افواج کے حملوں کو روکنے اور قلعے کو محفوظ رکھنے کے لیے تعمیر کی گئی تھی۔ پانی کی یہ قدرتی دفاعی رکاوٹ اس زمانے کی عسکری حکمتِ عملی کا اہم حصہ سمجھی جاتی تھی۔
ماتسوموتو قلعہ جاپان کے ان چند تاریخی قلعوں میں شامل ہے جو5صدیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود آج بھی اپنی اصل حالت میں محفوظ ہیں۔ قلعے کے بلند و بالا برج ماضی میں نگرانی، دفاع اور دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے استعمال کیے جاتے تھے۔
اپنی سیاہ بیرونی دیواروں کی وجہ سے یہ قلعہ ’بلیک کیسل‘ کے نام سے بھی مشہور ہے، جو اسے جاپان کے دیگر تاریخی قلعوں سے منفرد بناتا ہے۔
آج ماتسوموتو قلعہ نہ صرف جاپان کے قدیم فنِ تعمیر اور عسکری مہارت کی ایک شاندار مثال ہے بلکہ یہ ملک کے ثقافتی ورثے کی بھی اہم علامت سمجھا جاتا ہے، جہاں ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں سیاح اس تاریخی شاہکار کو دیکھنے آتے ہیں۔