مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بُری خبر! بجلی مہنگی ہونے کا امکان

مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بُری خبر! بجلی مہنگی ہونے کا امکان

ملک میں بجلی صارفین کے لیے ایک بار پھر نرخوں میں اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، کیونکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو درخواست جمع کرا دی ہے۔

درخواست میں تقسیم کار کمپنیوں نے کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں صارفین سے 23 ارب روپے وصول کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔ اگر نیپرا کی جانب سے درخواست منظور کر لی گئی تو بجلی کے بلوں میں اضافی مالی بوجھ منتقل ہونے کا امکان ہے۔

نیپرا کے مطابق تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر 12 اگست کو سماعت کی جائے گی، جس کے دوران بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی صارفین کی مشکلات بڑھنے کا امکان، لیسکو نے اضافی وصولیوں کیلئے نیپرا سے رجوع کر لیا

اتھارٹی کی سماعت کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین پر اضافی رقم منتقل کی جائے گی یا نہیں۔

حکام کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ بجلی کے شعبے میں مختلف مالی عوامل، جن میں پیداواری لاگت اور کپیسٹی پیمنٹس شامل ہیں، کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جاتی ہے۔ نیپرا کے حتمی فیصلے کے بعد ہی بجلی کے نئے نرخوں اور صارفین پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کی مکمل تفصیلات سامنے آئیں گی۔

Related Articles