ایل اے 14غربی باغ میں بڑا اپ سیٹ ، سردار عتیق 40 سال بعد اسمبلی سے باہر ہو گئے

ایل اے 14غربی باغ میں بڑا اپ سیٹ ، سردار عتیق 40 سال بعد اسمبلی سے باہر ہو گئے

 آزاد کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ایل اے 14 ضلع باغ سے مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان کو اپنی آبائی نشست پر شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

ایل اے 14 ضلع باغ میں تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں جن کے مطابق جموں و کشمیر دست و بازو پارٹی کے امیدوار سردار ساجد اقبال نے سردار عتیق احمد خان کو واضح برتری سے شکست دے دی۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق سردار ساجد اقبال نے 40 ہزار 702 ووٹ حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی جبکہ مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان 19 ہزار 542 ووٹ حاصل کرسکے۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، تین سابق و موجودہ وزرائے اعظم کا سیاسی مستقبل کیا ہوگا ، فیصلہ آج

نتائج کے مطابق سردار ساجد اقبال نے سردار عتیق احمد خان سے 21 ہزار 160 ووٹ زیادہ حاصل کیے۔ ساجد اقبال کے ووٹ سردار عتیق احمد کے مقابلے میں دگنے سے بھی زیادہ ہیں۔

ایل اے 14 میں پیر کے روز پولنگ ہوئی تھی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیا۔ باغ اور حویلی اضلاع کی مجموعی طور پر 4 نشستوں پر پولنگ ہوئی جہاں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔

سردار عتیق احمد خان کی شکست کو آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج میں ایک بڑا اپ سیٹ قرار دیا جارہا ہے کیونکہ ایل اے 14 کی نشست ان کے سیاسی خاندان کی روایتی اور آبائی نشست سمجھی جاتی رہی ہے۔

اس حلقے سے سردار عتیق احمد خان کے والد اور مسلم کانفرنس کے سابق صدر سردار عبدالقیوم خان بھی متعدد مرتبہ کامیاب ہوتے رہے ہیں۔ اسی وجہ سے اس نشست کو مسلم کانفرنس کے لیے انتہائی اہم تصور کیا جاتا تھا۔

تاہم حالیہ انتخابات میں سردار عتیق احمد خان کو واضح فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور سردار ساجد اقبال نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیاسی حلقوں کو حیران کردیا۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات، تیسرے مرحلے کی پولنگ آج، 4 حلقوں میں میدان سجے گا

انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد باغ سمیت آزاد کشمیر کے سیاسی حلقوں میں بھی اس شکست پر تبصرے شروع ہوگئے ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق سردار عتیق احمد خان کی آبائی نشست سے شکست مسلم کانفرنس کے لیے بھی ایک اہم سیاسی دھچکا ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی اضلاع کی 4 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ پولنگ کے اختتام کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل کرکے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج جاری کیے گئے ہیں جبکہ حتمی نتیجے کا اعلان متعلقہ انتخابی حکام کی جانب سے کیا جائے گا۔

editor

Related Articles