امریکی صدر ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کے حوالے سے بڑا دعویٰ سامنے آگیا

امریکی صدر ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کے حوالے سے بڑا دعویٰ سامنے آگیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے مکمل طور پر صاف کردیا ہے جبکہ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت اہم آبی گزرگاہ کا کنٹرول امریکی بحریہ کے پاس ہے۔

اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کا مکمل کنٹرول ہے اور امریکا اپنی بحری ناکہ بندی کے ذریعے آبی گزرگاہ کی نگرانی کررہا ہے۔

ٹرمپ نے اپنی بحری کارروائیوں کو ناقابل تسخیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی ناکہ بندی فولادی دیوار کی مانند ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا صرف ان بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی اجازت دیتا ہے جنہیں وہ اجازت دینا چاہتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران کے خلاف امریکا کا نیا منصوبہ سامنے آگیا، ٹرمپ کا بڑا اعلان

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کبھی کبھار آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھا دیتا ہے تاہم امریکی فوج ان سرنگوں کا سراغ لگانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کردیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے امریکی فوج کی کارروائی کو اہم پیش رفت قرار دیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال کچھ پیچیدہ ہے کیونکہ ایران کی جانب سے کبھی کبھار آبی گزرگاہ میں بارودی سرنگیں بچھائے جانے کا معاملہ سامنے آتا ہے۔ تاہم امریکی افواج ان بارودی سرنگوں کا سراغ لگا لیتی ہیں اور انہیں صاف کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بعد امریکا کے آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں امریکی صدر نے مذاکرات کے نتائج یا مستقبل کی حکمت عملی پر کوئی واضح مؤقف دینے سے انکار کردیا۔

تاہم ٹرمپ نے خبردار کیا کہ امریکا ایران کے خلاف اپنی کارروائی مزید تیز کرسکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا ایران سے پہنچنے والے نقصانات کا ہرجانہ طلب کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران جنگ کے خاتمے کا عندیہ، ٹرمپ کا بڑا دعویٰ، تیل کی قیمتیں مزید گرنے کی پیشگوئی

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تیل گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور عالمی توانائی کی رسد کے لیے اس کی اہمیت انتہائی زیادہ ہے۔ اس آبی گزرگاہ میں کشیدگی بڑھنے سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی بحری تجارت پر براہ راست اثر پڑ سکتا ہے۔

ٹرمپ کے تازہ دعوے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کے معاملے پر کشیدگی برقرار ہے۔ امریکی صدر کی جانب سے آبنائے ہرمز پر امریکی بحریہ کے مکمل کنٹرول اور بارودی سرنگیں صاف کرنے کا دعویٰ خطے کی صورتحال میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

editor

Related Articles