آزاد کشمیر انتخابات، تیسرے مرحلے کی پولنگ آج، 4 حلقوں میں میدان سجے گا

آزاد کشمیر انتخابات، تیسرے مرحلے کی پولنگ آج، 4 حلقوں میں میدان سجے گا

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے دو اضلاع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں آج پولنگ ہوگی۔ انتخابی عمل کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

انتخابات کے تیسرے مرحلے کے شیڈول میں تبدیلی کے بعد نئے شیڈول کے مطابق ضلع باغ کے 3 حلقوں جبکہ ضلع حویلی کے ایک حلقے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دوسری جانب پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات مؤخر کردیے گئے ہیں۔

4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق تیسرے مرحلے میں شامل چاروں حلقوں میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے متعلقہ حکام بھی موجود رہیں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، تین سابق و موجودہ وزرائے اعظم کا سیاسی مستقبل کیا ہوگا ، فیصلہ آج

اہم سیاسی رہنماؤں کی قسمت کا فیصلہ

باغ اور حویلی کے حلقوں میں ہونے والی پولنگ اس لیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے کہ یہاں کئی اہم سیاسی شخصیات انتخابی میدان میں موجود ہیں۔

دو بڑی سیاسی جماعتوں مسلم کانفرنس اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہان اور سابق وزرائے اعظم سردار عتیق احمد خان اور سردار تنویر الیاس سمیت وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور بھی انتخابی عمل سے وابستہ ہیں۔

ان حلقوں کے نتائج نہ صرف امیدواروں بلکہ آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال کے حوالے سے بھی اہم سمجھے جا رہے ہیں۔

پہلے مرحلے میں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 2026 کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی۔

نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے 9 نشستیں حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔

دوسرے مرحلے میں بھی مسلم لیگ ن آگے

انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔

دوسرے مرحلے کے نتائج میں بھی مسلم لیگ ن نے برتری برقرار رکھتے ہوئے 15 نشستیں حاصل کیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے حصے میں 6 نشستیں آئیں۔

 یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیرانتخابات کا دوسرا مرحلہ ، کئی سیاسی اپ سیٹ، 7 نئے چہرے اسمبلی پہنچ گئے

مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سرفہرست

45 رکنی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اب تک کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اب تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کے چار حلقوں کے نتائج سیاسی جماعتوں کی پوزیشن پر مزید اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ بالخصوص اہم سیاسی شخصیات کی موجودگی کے باعث ان حلقوں کے انتخابی نتائج پر سیاسی حلقوں اور ووٹرز کی نظریں مرکوز ہیں۔

پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور کامیاب امیدواروں کے نتائج کا اعلان متعلقہ انتخابی حکام کی جانب سے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ تیسرے مرحلے کے بعض حلقوں میں انتخابات مؤخر کیے جانے کے باعث آزاد کشمیر کے تمام 45 حلقوں کا انتخابی عمل ایک ہی مرحلے میں مکمل نہیں ہوگا، جبکہ مؤخر شدہ حلقوں کے لیے نئی تاریخ کا اعلان متعلقہ حکام کی جانب سے کیا جائے گا۔

editor

Related Articles