پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس اپنی جاندار اداکاری اور منفرد کرداروں کے باعث ٹیلی ویژن کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ اداکارہ سوشل میڈیا پر بھی خاصی مقبول ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے 67 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔
زارا نور عباس نے ’خاموشی‘، ’عہدِ وفا‘، ’زیبائش‘، ’بادشاہ بیگم‘، ’پھانْس‘ اور ’اسٹینڈ اپ گرل‘ سمیت کئی معروف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ ان کی شادی اداکار اسد صدیقی سے ہوئی ہے اور دونوں کی ایک بیٹی نورِ جہاں ہے، جو 2024 میں پیدا ہوئی۔
حال ہی میں زارا نور عباس کو ایکسپریس ٹی وی کے ڈرامے ’دل ڈھونڈتا ہے پھر وہی‘ میں اداکاری پر ناظرین کی جانب سے سراہا گیا۔ تاہم ڈرامے کے کردار کے لیے وزن بڑھانے کے باعث انہیں سوشل میڈیا پر باڈی شیمنگ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
اب اداکارہ نے وزن میں نمایاں کمی کے بعد ایک نئی تبدیلی کے ساتھ مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ زارا نور عباس حالیہ دنوں میں مختلف مغربی ملبوسات میں اپنی تصاویر شیئر کررہی ہیں، جن میں وہ اپنے بدلتے ہوئے انداز اور فٹنس کو پُراعتماد انداز میں نمایاں کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق ان کی فٹنس میں ورزش اور جم سیشنز کا اہم کردار ہے، تاہم ان کے وزن میں تیزی سے کمی نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران کردیا ہے۔ کچھ مداحوں کا کہنا ہے کہ زارا نور عباس اپنے قدرے بھاری بھرکم انداز میں بھی خوبصورت لگتی تھیں اور انہیں وزن کم کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
دوسری جانب بعض صارفین نے ان کے تیزی سے وزن کم کرنے کو اوزمپک سے جوڑنے کی قیاس آرائیاں بھی کیں، تاہم اداکارہ نے اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے ’اوزمپک زندہ باد‘ لکھا، جبکہ ایک اور نے سوال کیا کہ زارا نے اتنی تیزی سے وزن کیسے کم کیا۔
کچھ صارفین نے ان کے نئے فیشن اسٹائل پر تنقید بھی کی، جبکہ بڑی تعداد میں مداحوں نے ان کے نئے لک کو پسند کیا اور انہیں اسٹائلش قرار دیا۔ زارا نور عباس کی نئی تصاویر کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے وزن، فٹنس اور فیشن کو لے کر مختلف آرا سامنے آرہی ہیں، تاہم اداکارہ اپنے نئے انداز میں پُراعتماد نظر آ رہی ہیں۔