پاکستان سے محبت کی خوبصورت مثال، انقرہ میں یومِ آزادی کی شاندار تقریب

پاکستان سے محبت کی خوبصورت مثال، انقرہ میں یومِ آزادی کی شاندار تقریب

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، تقریب میں ترک نائب صدر جودت یلماز سمیت اعلیٰ حکام، سفارتی نمائندوں اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاکستان ہاؤس انقرہ میں منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی ترک نائب صدر جودت یلماز تھے۔ تقریب میں ترکیہ کے وزیر دفاع یاشار گولر، اعلیٰ عسکری قیادت، ارکانِ پارلیمنٹ، مختلف ممالک کے سفرا، سفارتی مشنز کے نمائندے اور میڈیا و پاکستانی کمیونٹی سے وابستہ افراد بھی شریک ہوئے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسٹڈی گروپ اسکول کے طلبہ نے ملی نغموں اور روایتی رقص پر مشتمل ثقافتی پروگرام پیش کیا، جسے شرکا نے سراہا۔

اس موقع پر پاکستان کی تاریخ، ثقافت، قدرتی حسن اور سیاحتی و اقتصادی امکانات پر مبنی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

پاک ترک تعلقات غیر معمولی برادرانہ رشتے ہیں، جودت یلماز

ترک نائب صدر جودت یلماز نے اپنے خطاب میں صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کی جانب سے پاکستانی حکومت اور عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

  یہ بھی پڑھیں :پاکستان کا 79واں یوم آزادی، ملک بھر میں جشن، یادگارِ فتح پر سبز ہلالی پرچم لہرا دیا گیا

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان گہری تاریخی وابستگی اور غیر معمولی برادرانہ رشتہ موجود ہے۔

جودت یلماز نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اسٹریٹجک تعاون مضبوط بنانے اور نئے علاقائی تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سفیر پاکستان کا قومی اتحاد پر زور

پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت اور تحریکِ پاکستان کے دوران دی جانے والی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام بڑی جدوجہد، ثابت قدمی اور قربانیوں کے نتیجے میں ممکن ہوا، اس لیے ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے قومی اتحاد اور یکجہتی کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ تاریخ، اقدار اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں، جبکہ دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید امکانات موجود ہیں۔

قائداعظم کی 150ویں سالگرہ کے حوالے سے تصویری نمائش

تقریب کے اختتام پر ترک نائب صدر جودت یلماز، سفیر پاکستان ڈاکٹر یوسف جنید اور دیگر معزز شخصیات نے یادگاری گروپ فوٹو بنوائی۔

بعد ازاں ترک نائب صدر نے قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کے حوالے سے پاکستان سفارتخانے کی جانب سے منعقدہ خصوصی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش میں بانیٔ پاکستان کی زندگی، سیاسی جدوجہد، قیادت اور تاریخی ورثے کے مختلف پہلو اجاگر کیے گئے۔

 یہ بھی پڑھیں :یومِ آزادی : توپوں کی سلامی، ملک کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں

تقریب کے آخر میں پاکستان ہاؤس کے باغات میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جہاں مہمانوں کو روایتی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی۔ تقریب نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور عوامی سطح پر موجود گہرے برادرانہ تعلقات کی بھرپور عکاسی کی۔

editor

Related Articles